1

اسرائیلی وزیر کا احتساب کیا جائے، پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک کا عالمی برادری سے مطالبہ

اسرائیلی وزیر کا احتساب کیا جائے، پاکستان سمیت 8 عرب و اسلامی ممالک کا عالمی برادری سے مطالبہ

ایسے اقدامات خطے میں نفرت، انتہا پسندی اور کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں

پاکستان سمیت آٹھ عرب و اسلامی ممالک نے اسرائیلی انتہا پسند وزیر اتمار بن گویر کے حالیہ اقدامات پر شدید ردعمل دیتے ہوئے انہیں انسانی وقار اور بین الاقوامی قوانین کی کھلی خلاف ورزی قرار دے دیا۔

دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان، مصر، ترکیہ، انڈونیشیا، اردن، قطر، سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے وزرائے خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں امدادی فلوٹیلا کارکنوں کے ساتھ اسرائیلی حراست کے دوران ہونے والے مبینہ ناروا سلوک، تذلیل آمیز رویے اور اشتعال انگیز اقدامات کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی گئی۔

مشترکہ بیان میں کہا گیا کہ اتمار بن گویر کی جانب سے زیرِ حراست افراد کی سرعام تذلیل انسانی وقار پر شرمناک حملہ ہے اور یہ اقدام بین الاقوامی قانون سمیت انسانی حقوق سے متعلق عالمی ذمہ داریوں کی واضح خلاف ورزی کے مترادف ہے۔

وزرائے خارجہ نے کہا کہ ایسے اقدامات خطے میں نفرت، انتہا پسندی اور کشیدگی کو مزید ہوا دے رہے ہیں جبکہ یہ رویہ دو ریاستی حل کی بنیاد پر منصفانہ اور دیرپا امن کی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہا ہے۔

بیان میں عالمی برادری سے مطالبہ کیا گیا کہ بن گویر کے اقدامات کا مؤثر احتساب کیا جائے اور اسرائیل کو بار بار کی اشتعال انگیزیوں اور خلاف ورزیوں سے روکا جائے۔

مشترکہ اعلامیے میں زور دیا گیا کہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائے، تمام قیدیوں اور زیرِ حراست افراد کے ساتھ انسانی سلوک کیا جائے اور مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں