12

بارکھان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، میجر توصیف احمد بھٹی سمیت 5 جوان شہید

بارکھان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، 7 دہشت گرد ہلاک، میجر توصیف احمد بھٹی سمیت 5 جوان شہید

دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے

پاک فوج اور ایف سی بلوچستان نے ضلع بارکھان کے علاقے نوشام میں دہشت گردوں کے خلاف سینیٹائزیشن اور کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے بھارتی حمایت یافتہ دہشت گرد نیٹ ورک کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا جبکہ شدید فائرنگ کے تبادلے میں ایک افسر سمیت 5 بہادر جوان وطن پر قربان ہو گئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق نوشام کے علاقے میں سکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر کارروائی کی جس دوران دہشت گردوں نے فورسز پر شدید فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکا خیز مواد بھی برآمد کیا گیا ہے۔

آپریشن کے دوران مادرِ وطن پر جان قربان کرنے والوں میں میجر توصیف احمد بھٹی، نائب صوبیدار فدا حسین، سپاہی ذاکر حسین، سپاہی سہیل احمد اور سپاہی محمد ایاز شامل ہیں، جنہوں نے بہادری سے دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جامِ شہادت نوش کیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن تاحال جاری ہے تاکہ دہشت گرد نیٹ ورک کے باقی ماندہ عناصر کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جا سکے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ ملک بھر میں “عزمِ استحکام” کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری قوت سے جاری ہیں اور سکیورٹی فورسز دشمن عناصر کے مکمل خاتمے تک اپنی کارروائیاں جاری رکھیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں