شہباز شریف کی ایک سال کی کارکردگی کے سرکاری اعداد و شمار سامنے آ گئے
ان اجلاسوں میں کئی اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری دی گئی
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم شہباز شریف کی گزشتہ ایک سالہ حکومتی کارکردگی سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آگئی ہیں جن کے مطابق وزیراعظم نے مختلف قومی امور، معیشت اور حکومتی اصلاحات سے متعلق 256 اعلیٰ سطح اجلاسوں کی صدارت کی۔
وزیراعظم آفس کی دستاویزات کے مطابق حکومت کی توجہ خاص طور پر انفارمیشن ٹیکنالوجی، معیشت، توانائی، تجارت اور ٹیکس اصلاحات پر مرکوز رہی۔ دستاویز میں بتایا گیا کہ وزیراعظم نے وزارت آئی ٹی سے متعلق 25 جبکہ وزارت نجکاری سے متعلق 14 اہم اجلاسوں کی صدارت کی۔
اسی طرح وزارت تجارت کے حوالے سے 20، وزارت توانائی کے 20 اور وزارت خزانہ کے 20 اجلاس وزیراعظم کی زیر صدارت منعقد ہوئے۔ صنعتی شعبے پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے صنعت و پیداوار سے متعلق سب سے زیادہ 33 اجلاس کیے گئے۔
دستاویز کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے ایف بی آر سے متعلق 25 اجلاسوں کی صدارت کی جبکہ پٹرولیم کے شعبے پر 15 اور اسپیشل انویسٹمنٹ فیسلیٹیشن کونسل سے متعلق 14 اجلاس منعقد ہوئے۔
حکومتی ریکارڈ کے مطابق وزیراعظم نے وزارت منصوبہ بندی کے 14، وزارت صحت کے 11، این ڈی ایم اے کے 9، وزارت تعلیم کے 8 اور بورڈ آف انویسٹمنٹ کے 6 اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔
اس کے علاوہ قومی غذائی تحفظ، اقتصادی امور، داخلہ اور موسمیاتی تبدیلی جیسے اہم شعبے بھی وزیراعظم کے ایجنڈے میں شامل رہے۔
ذرائع کے مطابق ان اجلاسوں میں کئی اہم پالیسی فیصلوں کی منظوری دی گئی جن میں پی آئی اے کی نجکاری، قومی غذائی تحفظ پلان اور پٹرولیم سپلائی چین سے متعلق بڑے فیصلے شامل ہیں۔




