17

شہر قائد میں منشیات کی خفیہ سپلائی کرنے والے بڑے ڈیلرز کی فہرست بول نیوز کو موصول

شہر قائد میں منشیات کی خفیہ سپلائی کرنے والے بڑے ڈیلرز کی فہرست بول نیوز کو موصول

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باوجود منشیات کا دھندا مکمل طور پر ختم نہ ہو سکا

شہر قائد میں منشیات کے بڑھتے ہوئے نیٹ ورکس کے حوالے سے انکشاف ہوا ہے کہ شہر کے مختلف علاقوں میں سیکڑوں چھوٹے بڑے گروہ خفیہ طور پر سرگرم ہیں اور منظم طریقے سے سپلائی کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق شہر کے مختلف حصوں میں منشیات کی ترسیل کا نیٹ ورک وسیع اور منظم انداز میں کام کر رہا ہے۔

ذرائع کے مطابق صرف کراچی میں 207 چھوٹے اور بڑے ڈیلرز کی فہرست سامنے آئی ہے جبکہ سندھ بھر میں یہ تعداد 570 تک پہنچ چکی ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی رپورٹ میں یہ بھی انکشاف کیا گیا ہے کہ شہر میں تقریباً 20 خواتین بھی اس مکروہ دھندے میں ملوث ہیں۔

رپورٹ کے مطابق کراچی کے مختلف علاقوں میں 100 سے زائد مقامات منشیات فروشی کے اڈوں کے طور پر استعمال ہو رہے ہیں۔ لیاری، پاک کالونی، سہراب گوٹھ، اورنگی ٹاؤن، بلدیہ، ملیر اور کورنگی کو منشیات کے اہم ہاٹ اسپاٹس قرار دیا گیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حالیہ گرفتاریوں کے بعد ڈیفنس اور کلفٹن جیسے پوش علاقوں میں تعلیمی اداروں اور پارٹی کلچر کے ذریعے آئس، کوکین اور دیگر مہنگی منشیات کی سپلائی کے نئے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کراچی میں آئس، کوکین، چرس اور ایکسٹیسی جیسی خطرناک منشیات کا کاروبار منظم انداز میں جاری ہے جبکہ ہوم ڈیلیوری سسٹم کے ذریعے بھی سپلائی کی جا رہی ہے۔ اس نیٹ ورک میں خواتین کے ساتھ ساتھ رکشہ اور کوچ ڈرائیورز کے استعمال کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیوں کے باوجود منشیات کا دھندا مکمل طور پر ختم نہ ہو سکا۔ اے این ایف اور پولیس کی مشترکہ کارروائیوں میں متعدد مطلوب ڈیلرز گرفتار کیے جا چکے ہیں اور درجنوں کلو منشیات بھی برآمد کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر نگرانی مزید سخت کر دی گئی ہے، جبکہ منشیات کے بڑے نیٹ ورکس کے مالی سہولت کاروں کی تلاش بھی جاری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں