صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات کا اعتراف، بول نیوز کے سینئر صحافی عادل عباسی کو تمغۂ امتیاز سے نوازا گیا
انہیں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر اٹھارہ سال سے زائد کا صحافتی تجربہ حاصل ہے
صحافت کے شعبے میں شاندار اور گراں قدر خدمات کے اعتراف میں سینئر صحافی عادل عباسی کو تمغۂ امتیاز سے نواز دیا گیا ہے۔ یہ اعزاز صدرِ مملکت کی جانب سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، غیرجانبدار رپورٹنگ اور قومی و بین الاقوامی امور پر گہری نظر کے اعتراف میں عطا کیا گیا۔
سینئر صحافی عادل عباسی ایک تجربہ کار کرنٹ افیئرز اینکر پرسن ہیں جنہیں ٹی وی، ریڈیو اور ڈیجیٹل میڈیا پر اٹھارہ سال سے زائد کا صحافتی تجربہ حاصل ہے۔ وہ بول نیوز سے وابستہ ہیں اور اپنی تحقیقی، متوازن اور غیرجانبدار رپورٹنگ کے باعث میڈیا انڈسٹری میں ایک نمایاں مقام رکھتے ہیں۔
اپنے صحافتی سفر کے دوران انہوں نے پاکستان کے سابق صدور، وزرائے اعظم، وفاقی وزراء، وزرائے اعلیٰ اور دیگر اہم شخصیات کے انٹرویوز کیے جبکہ عالمی سطح پر بھی متعدد نمایاں شخصیات سے گفتگو کی۔
ان میں سعودی عرب کے وزیرِ مذہبی امور ڈاکٹر محمد بن عبدالكريم العیسیٰ، برطانیہ کے سابق وزیرِ خزانہ لارڈ ڈارلنگ اور امریکی سینیٹرز سمیت مختلف ممالک کے سفارتکار شامل ہیں۔
عادل عباسی نے قومی سطح پر پاکستان کے مختلف علاقوں، سیاسی صورتحال، قانون و امن، انتخابات اور عوامی مسائل پر تفصیلی رپورٹنگ کی جبکہ بین الاقوامی سطح پر وائٹ ہاؤس میں سرکاری دوروں، امریکی صدور کی حلف برداری تقریبات، اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اہم اجلاسوں کی بھی کوریج کی۔
جی بیس اجلاس 2022، سعودی عرب وژن دو ہزار تیس، مشرقِ وسطیٰ، یورپ، امریکہ اور وسطی ایشیا کے اہم سیاسی واقعات پر ان کی رپورٹنگ کو بھی خاص اہمیت حاصل رہی ہے۔ انہیں عالمی جامعات اور میڈیا فورمز میں بطور مہمان مقرر بھی مدعو کیا جاتا رہا ہے، جہاں وہ صحافت اور عالمی امور پر اظہارِ خیال کرتے ہیں۔
اعلامیے کے مطابق بول نیوز کے سینئر صحافی عادل عباسی کی صحافتی خدمات، بصیرت اور قومی مکالمے میں مثبت کردار کے اعتراف میں انہیں تمغۂ امتیاز دیا گیا ہے، جسے میڈیا حلقوں میں ایک بڑا قومی اعزاز قرار دیا جا رہا ہے۔




