صدر ٹرمپ کو مبارکباد، بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے: وزیراعظم
پاکستان اپنی امن کی کوششوں کو انتہائی خلوص اور ایمانداری کے ساتھ جاری رکھے گا
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہمیں امید ہے ہم بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے۔
شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے امن اقدامات کا خیرمقدم کرتا ہوں اور آج صبح سعودی عرب، قطر، ترکی، مصر، متحدہ عرب امارات، اردن اور پاکستان کے رہنماؤں کے ساتھ ان کی انتہائی مفید اور نتیجہ خیز ٹیلی فونک گفتگو پر بھی مبارکباد دیتا ہوں۔
I congratulate President Donald Trump on his extraordinary efforts to pursue peace and for holding a very useful and productive telephone call earlier today, with the leaders of Saudi Arabia, Qatar, Turkiye, Egypt, the UAE, Jordan and Pakistan. Field Marshal Syed Asim Munir…
— Shehbaz Sharif (@CMShehbaz) May 24, 2026
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس ٹیلی فونک کال میں پاکستان کی نمائندگی کی اور میں پورے عمل کے دوران ان کی مسلسل اور انتھک کاوشوں کی بہت قدر کرتا ہوں۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس بات چیت نے موجودہ علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کرنے اور خطے میں پائیدار امن لانے کیلئے جاری امن کی کوششوں کو آگے بڑھانے کا ایک مفید موقع فراہم کیا ہے۔
شہباز شریف نے مزید کہا کہ پاکستان اپنی امن کی کوششوں کو انتہائی خلوص اور ایمانداری کے ساتھ جاری رکھے گا اور ہمیں امید ہے کہ ہم بہت جلد مذاکرات کے اگلے دور کی میزبانی کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے حالیہ بیان میں کہا کہ ایران کے ساتھ زیادہ تر معاملات طے کر لیے ہیں، ڈیل کا اعلان جلد متوقع ہے۔




