طاقتور طوفان کے باعث شخص ہوا میں اُڑنے لگا، حیران کن ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل
عینی شاہدین کے مطابق چند لمحوں کے لیے ایسا منظر بنا جیسے کوئی فلمی سین چل رہا ہو
اترپردیش میں آنے والے خطرناک طوفان کے دوران ایک ایسا حیران کن واقعہ پیش آیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک شخص تیز آندھی کے باعث ٹین کے شیڈ سمیت فضا میں بلند ہو جاتا ہے۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ واقعہ ضلع بریلی کے گاؤں بامیانا میں پیش آیا جہاں ننھے میاں نامی شہری طوفان کے دوران شیڈ کو سنبھالنے کی کوشش کر رہا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ اس نے خود کو محفوظ رکھنے کے لیے شیڈ سے بندھی رسی پکڑ رکھی تھی، مگر آندھی اس قدر شدید تھی کہ پورا شیڈ ہی ہوا میں اٹھ گیا۔
A dramatic video from UP’s Bareilly has surfaced, showing a man being violently tossed several feet into the air by powerful winds during a severe storm. Clinging desperately to a tin shade, the victim was suddenly hurled skyward before crashing back to the ground. pic.twitter.com/23InPSYN4f
— Piyush Rai (@PiyushRaiUP65) May 14, 2026
عینی شاہدین کے مطابق چند لمحوں کے لیے ایسا منظر بنا جیسے کوئی فلمی سین چل رہا ہو جبکہ ویڈیو میں بھی شخص کو فضا میں بلند ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔
متاثرہ شخص نے بھارتی میڈیا کو بتایا کہ وہ تقریباً 30 سے 40 فٹ تک ہوا میں چلا گیا تھا جس کے بعد شیڈ سمیت نیچے آ گرا۔ اس کا کہنا تھا کہ جس رسی کے سہارے وہ کھڑا تھا وہ تیز ہوا کا دباؤ برداشت نہ کر سکی۔
زمین پر گرنے سے ننھے میاں شدید زخمی ہوگیا اور اس کی کئی ہڈیاں ٹوٹ گئیں۔ بعد ازاں اہلِ علاقہ نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
رپورٹس کے مطابق 13 مئی کو اتر پردیش کے مختلف علاقوں میں آنے والے شدید طوفان نے بڑے پیمانے پر تباہی مچائی۔ حکام کے مطابق مختلف حادثات میں کم از کم 89 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ درجنوں زخمی ہوئے۔ طوفان سے متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا۔




