11

پشاور، محسن نقوی کا پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ، شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات

پشاور، محسن نقوی کا پولیس ہیڈکوارٹرز کا دورہ، شہید اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات

محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پشاور میں پولیس ہیڈکوارٹرز اور سی ٹی ڈی مراکز کا دورہ کیا جہاں انہوں نے بنوں میں شہید ہونے والے 15 پولیس اہلکاروں کے اہلخانہ سے ملاقات کر کے ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

وزیر داخلہ نے شہداء کی ماؤں اور اہلخانہ سے اظہارِ تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے شہداء کی ماؤں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ “آپ جیسی باہمت ماؤں کا حوصلہ دیکھ کر ہمارا عزم مزید مضبوط ہوا ہے۔”

محسن نقوی نے کہا کہ شہید پولیس اہلکاروں نے جوانمردی اور بہادری کی اعلیٰ مثال قائم کرتے ہوئے شہادت کا عظیم رتبہ حاصل کیا۔ انہوں نے دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس اور خصوصاً سی ٹی ڈی کی قربانیوں اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔

دورے کے دوران وزیر داخلہ نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائیوں پر کاؤنٹر ٹیررزم ڈپارٹمنٹ خیبر پختونخوا کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے خارجیوں کے خلاف مؤثر اور کامیاب آپریشنز کیے ہیں۔

انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کی استعدادِ کار بڑھانے، جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی اور سیکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

محسن نقوی نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔ بعدازاں انہوں نے کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ اور انٹی گریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کا دورہ کیا جہاں جدید کیمرا ٹیکنالوجی کے ذریعے نگرانی کے نظام اور مانیٹرنگ سسٹم کا تفصیلی جائزہ لیا۔

اس موقع پر ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے وزیر داخلہ کو ادارے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے لیے کیے گئے اقدامات اور جاری اصلاحات سے بھی آگاہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں