پشاور سے اسکردو 800 کلومیٹر نان اسٹاپ دوڑ، نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا
انتہائی مشکلات کے باوجود 810 کلومیٹر کا یہ عالمی ریکارڈ صرف 9 دن میں مکمل کیا، مسعود خان
نوجوان ایتھلیٹ مسعود خان نے پشاور سےاسکردو تک تقریباً 800 کلومیٹر طویل نان اسٹاپ دوڑ مکمل کرکے ایک غیر معمولی عالمی ریکارڈ قائم کر دیا۔
مسعود خان نے پشاورسے اسکردو تک کا طویل اوردشوار گزارراستہ بغیررکے کامیابی سے طے کرکے یہ غیرمعمولی چیلنج مکمل کیا ہے۔
مسعود خان نے اس منفرد دوڑ کے دوران قراقرم ہائی وے کے دشوارگزارپہاڑی راستوں، دریائے سندھ کے دلکش مناظراورگلگت بلتستان کی وادیوں کو عبور کیا۔
خیال رہے کہ مسعود خان نے پاکستان میں روس، جاپان اور چین سمیت متعدد ممالک کے ایتھلیٹس کے ساتھ مقابلہ کر کے بے شمار تمغے اپنے نام کر چکے ہیں۔
اس موقع پر مسعود خان کا کہنا تھا کہ آج پاکستان کا نام دنیا بھر میں روشن کیا پشاور سے اسکردو تک طویل دوڑ ایک انوکھا اور اپنی نوعیت کا پہلا کارنامہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ انتہائی مشکلات کے باوجود 810 کلومیٹر کا یہ عالمی ریکارڈ صرف 9 دن میں مکمل کیا مسلسل دوڑ کی وجہ سے قدم ڈگمگائے لیکن پاکستان اور اپنی قوم کی خاطر کبھی ہمت نہیں ہاری۔
مسعود خان نے مزید کہا کہ آج 800 کلومیٹر کا ہدف پورا ہونا میرے اور پورے ملک کے لیے باعثِ فخر ہے۔
یہ کارنامہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں کی صلاحیتوں اور عالمی سطح پر ملک کے مثبت تشخص کو اجاگر کرنے میں ایک اہم پیش رفت سمجھا جا رہا ہے۔




