13

پاک بحریہ کا شاندار ریسکیو آپریشن، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا زبردست خراج تحسین

پاک بحریہ کا شاندار ریسکیو آپریشن، وزیراعظم اور وزیر داخلہ کا زبردست خراج تحسین

تمام افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں

شمالی بحیرۂ عرب میں کامیاب ہنگامی کارروائی کے دوران 18 غیر ملکی افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے پر وزیر اعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاک بحریہ کو شاندار الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے اپنے بیان میں کہا کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہمہ وقت تیار اور پرعزم ہے۔ انہوں نے افسران اور جوانوں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، فوری ردعمل اور انسان دوستی کے جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ آپریشن پاکستان کے مثبت تشخص کی عکاسی کرتا ہے۔

وزیراعظم کے مطابق مرچنٹ ویسل گولڈ آٹم سے ہنگامی اطلاع موصول ہوتے ہی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین نے فوری اور مؤثر سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کرتے ہوئے چین، بنگلہ دیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے عملے کو بحفاظت نکال لیا۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو کراچی منتقل کر دیا گیا ہے جہاں انہیں طبی سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور ان کی اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کیے جا رہے ہیں۔

دوسری جانب وزیر داخلہ محسن نقوی نے بھی پاک بحریہ کی پیشہ ورانہ مہارت کو سراہتے ہوئے کہا کہ فورس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسان دوستی کی بہترین مثال قائم کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پی این ایس حنین کی ٹیم نے مؤثر آپریشن کے ذریعے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔

وزیر داخلہ نے اس کامیاب کارروائی پر پوری ٹیم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت اور ذمہ دار کردار کو مزید مضبوط بناتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں