معرکہ حق کی پہلی سالگرہ، پنجاب بھر میں افواج پاکستان کو زبردست خراج تحسین، تقریبات کا انعقاد
معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر 150 فٹ بلند قومی پرچم نصب کیا گیا
پنجاب کے دیگر شہروں کی طرح خوشاب اور بہاولپور میں معرکۂ حق کی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر افواجِ پاکستان کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے شاندار تقریبات کا انعقاد کیا گیا جہاں شہریوں، طلبہ اور سیاسی و سماجی شخصیات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
خوشاب میں کشمیر پارک جوہرآباد میں “جشنِ معرکۂ حق” تقریب منعقد ہوئی، جس میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر جہانزیب حسین لابر اور ڈی پی او ڈاکٹر عمارہ شیرازی نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ مہمانوں کا استقبال گھوڑا رقص اور ڈھول کی تھاپ پر کیا گیا جبکہ تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔
تقریب میں رکن قومی اسمبلی ملک شاکر بشیر اعوان، ایم پی اے ملک آصف بھا، سینیٹر ڈاکٹر غوث خان نیازی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ شرکاء نے معرکۂ حق کی کامیابی کا کیک کاٹا اور ملکی سلامتی و پاک فوج کے حق میں خصوصی دعا بھی کی گئی۔
مشہور گلوکار عابد کنول اور وقار عباس وکی کی پرفارمنس نے تقریب کو مزید جوش و جذبے سے بھر دیا جبکہ بچوں نے ملی نغمے اور ٹیبلو پیش کیے۔ تقریب کے اختتام پر شاندار آتشبازی کا مظاہرہ بھی کیا گیا۔
دوسری جانب بہاولپور میں ضلعی انتظامیہ کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ پر 150 فٹ بلند قومی پرچم نصب کیا گیا جسے “یادگارِ معرکۂ حق” کا نام دیا گیا۔ تقریبِ رونمائی فرید پارک سیٹلائٹ ٹاؤن کمرشل ایریا میں منعقد ہوئی۔
تقریب میں سابق گورنر پنجاب بلیغ الرحمٰن، سابق سینیٹر سعود مجید، رکن صوبائی اسمبلی سعدیہ بلال اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اس موقع پر مقررین نے افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور ملکی دفاع میں ان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قوم اپنی بہادر افواج کے ساتھ کھڑی ہے اور وطن کے تحفظ کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے۔




