1

جنگ بندی سے متعلق تجاویز ناقابلِ قبول ہیں، ٹرمپ نے ایران کا جواب مسترد کردیا

جنگ بندی سے متعلق تجاویز ناقابلِ قبول ہیں، ٹرمپ نے ایران کا جواب مسترد کردیا

موجودہ حالات میں امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کی جانب سے جنگ بندی کے لیے پیش کی گئی نئی تجاویز کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے انہیں ’’مکمل طور پر ناقابلِ قبول‘‘ قرار دے دیا۔

صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر جاری بیان میں کہا کہ ایران کے نام نہاد نمائندوں کی حالیہ تجاویز کا جائزہ لیا تاہم یہ تجاویز نہ صرف مجھے پسند نہیں آئیں بلکہ واشنگٹن کے لیے کسی صورت قابلِ قبول بھی نہیں ہیں۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ حالات میں امریکا اور ایران کے درمیان اختلافات بدستور برقرار ہیں اور دونوں ممالک کے مؤقف میں واضح فاصلے موجود ہیں۔

یاد رہے کہ ایرانی سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق تہران نے جنگ کے خاتمے اور خطے میں کشیدگی کم کرنے سے متعلق اپنی نئی تجاویز پاکستانی ثالثوں کے ذریعے امریکی حکام تک پہنچا دی تھیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اس سفارتی رابطے کا بنیادی مقصد مشرقِ وسطیٰ میں جاری عسکری تناؤ کو کم کرنا اور ممکنہ تصادم کو روکنا ہے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان براہِ راست رابطوں میں تعطل کے باعث ثالثی کا کردار غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے جبکہ پاکستان کی سفارتی کوششیں عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہیں۔

تجزیہ کاروں کے مطابق اگر دونوں ممالک ابتدائی سطح پر کسی مفاہمت تک پہنچنے میں کامیاب ہوگئے تو مشرقِ وسطیٰ میں بڑے تصادم کے خدشات میں کمی آسکتی ہے تاہم اب تمام نظریں واشنگٹن کے آئندہ ردعمل پر مرکوز ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں