1

صارفین کے لیے گوگل نے نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرا دیا

صارفین کے لیے گوگل نے نیا پرائیویسی فیچر متعارف کرا دیا

گوگل جلد ایک نیا اے پی آئی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے

ٹیکنالوجی کمپنی گوگل نے اپنے ویب براؤزر گوگل کروم کے اینڈرائیڈ ورژن میں صارفین کی پرائیویسی بہتر بنانے کے لیے ایک نیا فیچر متعارف کرا دیا ہے۔

نئے فیچر کے تحت صارفین اب ویب سائٹس کے ساتھ اپنی مکمل اور درست لوکیشن شیئر کرنے کے بجائے ’’تقریباً درست لوکیشن‘‘ فراہم کر سکیں گے۔

 اس تبدیلی کے بعد ویب سائٹس کو صارف کے گھر، گلی یا عمارت کی درست معلومات تک رسائی ضروری نہیں ہوگی جب کہ اندازاً مقام بیشتر سروسز کے لیے کافی سمجھا جاتا ہے۔

اس سے قبل گوگل کروم صارفین سے ’’پریسائز لوکیشن‘‘ تک رسائی طلب کرتا تھا، جس پر ماہرین کی جانب سے پرائیویسی خدشات کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔

تاہم اگر کسی ایپ یا ویب سائٹ کو مکمل درست مقام درکار ہو جیسے نیویگیشن یا رائیڈ ہیلنگ سروسز، تو صارفین اپنی مرضی سے پریسائز لوکیشن کی اجازت بھی دے سکیں گے۔

رپورٹس کے مطابق گوگل جلد ایک نیا اے پی آئی متعارف کرانے کی تیاری کر رہا ہے جس کے ذریعے ویب ڈویلپرز واضح کر سکیں گے کہ انہیں صارف کی صرف اندازاً لوکیشن درکار ہے یا مکمل درست مقام۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ اپڈیٹ آن لائن پرائیویسی کے حوالے سے اہم پیش رفت ہے کیونکہ اس سے صارفین کو اپنی ذاتی معلومات پر پہلے سے زیادہ کنٹرول حاصل ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں