1

اسلام آباد میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام؛ بلوچستان سے خاتون خودکش بمبار گرفتار

اسلام آباد میں دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام؛ بلوچستان سے خاتون خودکش بمبار گرفتار

سرفراز بگٹی نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں بیرونی ایجنسیوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں

کوئٹہ: قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد میں دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے بلوچستان سے خودکش بمبار خاتون کو گرفتار کرلیا۔

 وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیکیورٹی اداروں نے ایک بڑے دہشت گردی منصوبے کو بروقت کارروائی کے ذریعے ناکام بنا دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک کیمپ میں دہشت گردی کی باقاعدہ تربیت دی جا رہی تھی جبکہ خواتین کو ’’ہنی ٹریپ‘‘ کے ذریعے بلیک میل کر کے دہشت گردی کے لیے استعمال کیا جا رہا تھا۔

سرفراز بگٹی نے بتایا کہ انٹیلی جنس اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کو گرفتار کیا اور ان کے منصوبے کو ناکام بنایا جس کا ہدف اسلام آباد تھا۔

انہوں نے کہا کہ گرفتار گروہ خواتین اور کم عمر بچیوں کو خودکش حملوں کے لیے استعمال کرنے کی کوشش کر رہا تھا جو کہ انتہائی شرمناک عمل ہے اور اس کا بلوچ روایات سے کوئی تعلق نہیں۔

وزیراعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ دہشت گرد تنظیمیں بیرونی ایجنسیوں کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں اور بلوچستان میں پراکسی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بعض عناصر بچیوں کو تعلیم دینے کے بجائے انہیں خودکش جیکٹس پہنانے کی کوشش کر رہے تھے جبکہ ایک بچی کو اسلام آباد میں حملے کے لیے استعمال کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی گئی تھی۔

سرفراز بگٹی نےمزید کہا کہ گرفتار بچی کو محفوظ رکھتے ہوئے اس کے والد کے حوالے کیا جا رہا ہے جبکہ دہشت گردوں کی جانب سے دھمکیاں بھی دی گئی تھیں کہ اگر حملہ نہ کیا گیا تو اہلخانہ کو نشانہ بنایا جائے گا۔

خاتون خودکش بمبار کا بیان

گرفتار خودکش حملہ آور خاتون نے بتایا کہ میرے کزن نے ڈرا دھمکا کر کہا کہ بی ایل اے کے لیے کام کرو، ورنہ تمہارے باپ کو قتل کردوں گا جس پر میں نے کہا ٹھیک ہے، خودکش حملے کے لیے میری ذہن سازی کی گئی۔

خاتون نے مزید بتایا کہ پولیس نے مجھے حراست کے بعد باعزت طریقے سے رکھا، میں مزید پڑھنا اور آگے بڑھنا چاہتی ہوں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں