2

چین میں دنیا کی بلند ترین افقی عمارت تعمیر

چین کو عجوبوں کی سرزمین کہا جائے تو بے جانہ ہوگا یہاں ایسے شاہکار تعمیر کیے گئے ہیں جنہیں دیکھ انسان ششدر رہ جاتا ہے ایسا ہی ایک شاہکار زمین سے 250 میٹر بلند افقی عمارت کی تعمیر ہے۔

 دی کرسٹل دنیا کی سب سے  بڑی اور بلند ترین افقی عمارت ہے جس کی لمبائی 300 میٹر ہے اور یہ چار روایتی کثیرالمنزلہ عمارتوں کے اوپر زمین سے 250 میٹر بلند تعمیر کی گئی ہے۔

یہ شاہکار چین کے مصروف ترین شہر چونگ چنگ میں دریائے یانگ زی اور جیالنگ کے سنگم پر واقع ہے جو دنیا کے گنجان آباد علاقوں میں شمار ہوتا ہے ’’دی کرسٹل‘‘ کو چین کے اب تک کے سب سے حیرت انگیز تعمیراتی منصوبوں میں سے ایک قرار دیا جا رہا ہے۔

افقی کثیرالمنزلہ عمارتیں دنیا بھر اور بھی ہیں تاہم  ’’دی کرسٹل‘‘ اپنی نوعیت کا منفرد منصوبہ ہے یہ نہ صرف دنیا کی بلند ترین افقی عمارت ہے بلکہ ایک ساتھ سب سے زیادہ عمودی ٹاورز کو جوڑنے والی عمارت بھی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: مچھلی والی عمارت نے دنیا کو چونکا دیا، عجیب و غریب فنِ تعمیر کی عالمی فہرست میں شامل

اس منصوبے کو ایشیا کی بڑی رئیل اسٹیٹ کمپنی کپیٹل لینڈ نے تیار کیا جس پر تقریباً 1.1 ارب ڈالر لاگت آئی اس شاہکار عمارت کے بیرونی حصے میں تقریباً 3 ہزار شیشے کے پینل اور 5 ہزار ایلومینیم کے ٹکڑے استعمال کیے گئے تاہم اس عجوبے کی تعمیر کے لیے ان سب کو جوڑنا انجینئرز کے لیے سب سے بڑا چیلنج تھا۔

300  میٹر طویل اس افقی کثیرالمنزلہ عمارت کےڈھانچے کو سات بڑے حصوں میں تقسیم کیا گیا۔ ان میں سے بعض حصے زمین پر پہلے سے تیار کیے گئے اور بعد ازاں انتہائی درست ہائیڈرولک نظام کے ذریعے 250 میٹر بلند اٹھا کر نصب کیے گئے جبکہ باقی حصے براہ راست ان ٹاورز پر جوڑے گئے جو ’’دی کرسٹل‘‘ کو سہارا دیتے ہیں۔

دنیا کی اس بلند ترین افقی عمارت کے فولادی فریم کا وزن تقریباً 12 ہزار ٹن ہے،جو ایفل ٹاور کے وزن کے برابر بتایا جاتا ہے یہ حقیقت اس منصوبے کو ممکن بنانے والے معماروں اور انجینئرز کی مہارت کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

دی کرسٹل صرف چار افقی کثیرالمنزلہ عمارتوں کو آپس میں جوڑنے کے لیے نہیں بنایا گیا بلکہ اسے رہائشی اور تفریحی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔

 اس کی نمایاں کشش ایکسپلوریشن ڈیک ہے جو 1500 مربع میٹر پر مشتمل شیشے کا آبزرویشن ڈیک ہے اور جہاں سے چونگ چنگ شہر کا دلکش منظر دیکھا جا سکتا ہے۔

اس اسکائی برج میں چھتوں پر باغات، بارز، ریسٹورنٹس، تقریبات کے لیے مخصوص مقامات، نجی کلب اور دو 50 میٹر طویل انفینٹی سوئمنگ پولز بھی موجود ہیں۔

ماہرین تعمیرات کے مطابق ’’دی کرسٹل‘‘ جدید فنِ تعمیر اور انجینئرنگ کا شاہکار ہے جو گنجان آباد شہروں کے لیے ایک نیا تصور پیش کرتا ہے یہ منصوبہ ثابت کرتا ہے کہ کثیرالمنزلہ عمارتیں صرف اوپر کی جانب ہی نہیں بلکہ افقی سمت میں بھی تعمیر کی جا سکتی ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں