1

کراچی کا گیم چینجر منصوبہ، بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کر دیا،

کراچی کا گیم چینجر منصوبہ، بلاول بھٹو زرداری نے شاہراہ بھٹو کا افتتاح کر دیا،

40 کلو میٹر طویل شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا شاندار نمونہ ہے

 چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری  نے کراچی میں شاہراہ بھٹو کے قائد آباد سے کاٹھوڑ تک سیگمنٹ کا باقاعدہ افتتاح کر دیا جبکہ قیوم آباد تا کراچی پورٹ ایکسپریس وے منصوبے کا سنگِ بنیاد بھی رکھ دیا۔

افتتاحی تقریب میں چیئرمین پیپلز پارٹی کی آمد پر جیئے بھٹو، جیئے بلاول بھٹو کے نعروں سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔ اس موقع پر بلاول بھٹو زرداری نے ڈملوٹی ٹول پلازہ پر خود ٹول ٹیکس بھی ادا کیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شاہراہ بھٹو پاکستان کی بہترین شاہراہوں میں شمار ہوتی ہے اور یہ کراچی کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جدید انفراسٹرکچر منصوبے عوام کیلئے سہولت اور معیشت کیلئے نئی راہیں کھولتے ہیں۔

پیپلز پارٹی رہنما حسن مرتضیٰ نے کہا کہ 40 کلو میٹر طویل شاہراہ بھٹو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا شاندار نمونہ ہے جبکہ سگنل فری ہائی اسپیڈ کوریڈور کے 6 انٹرچینجز مختلف علاقوں کو براہِ راست آپس میں ملاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ شاہراہ بھٹو شاہراہ فیصل پر ٹریفک کا دباؤ کم کرے گی اور پورٹ و صنعتی علاقوں کی ٹریفک کو براہِ راست ایم نائن تک رسائی دے گی۔ ان کے مطابق قیوم آباد سے ایم 9 تک کا سفر اب تقریباً نصف گھنٹے میں مکمل ہو سکے گا، جس سے ڈی ایچ اے، بحریہ ٹاؤن، ملیر اور کورنگی کے رہائشیوں کو نمایاں سہولت حاصل ہوگی۔

حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ منصوبے سے تیل کی بچت، تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ اور کراچی کی مجموعی معاشی ترقی کو فروغ ملے گا، جبکہ ایسے ترقیاتی منصوبوں کی گونج پنجاب تک پہنچے گی اور پیپلز پارٹی کو مزید تقویت ملے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں