1

حکومت نے 10 ماہ میں 11 ارب ڈالر بیرونی قرض حاصل کرلیا

حکومت نے 10 ماہ میں 11 ارب ڈالر بیرونی قرض حاصل کرلیا

رواں مالی سال بیرونی مالی معاونت کا مجموعی تخمینہ 19.39 ارب ڈالر رکھا گیا ہے

حکومت نے رواں مالی سال کے پہلے 10 ماہ میں 11 ارب ڈالر سے زائد بیرونی قرض حاصل کرلیا، جبکہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں قرضوں میں 83 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق جولائی تا اپریل حکومت کو مجموعی طور پر 3 ہزار 103 ارب روپے موصول ہوئے، جبکہ صرف اپریل کے مہینے میں ساڑھے 4 ارب ڈالر بیرونی قرض حاصل کیا گیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مئی اور جون میں بھی مزید بیرونی مالی معاونت ملنے کا امکان ہے۔

حکومتی دستاویزات کے مطابق رواں مالی سال بیرونی مالی معاونت کا مجموعی تخمینہ 19.39 ارب ڈالر رکھا گیا ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف پروگرام کے علاوہ 11 ارب ڈالر موصول ہوئے جبکہ 10 ماہ کے دوران 12 کروڑ ڈالر گرانٹ بھی ملی۔

اعداد و شمار کے مطابق نان پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 8.31 ارب ڈالر جبکہ پراجیکٹ ایڈ کی مد میں 2.75 ارب ڈالر حاصل کیے گئے۔ سعودی عرب نے پاکستان کو ایک ارب ڈالر کی آئل فیسلیٹی فراہم کی، جبکہ اسلامی ترقیاتی بینک نے 48 کروڑ ڈالر قرض دیا۔

دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ اپریل کے دوران حکومت نے 1246 ارب روپے بیرونی قرض حاصل کیا، جبکہ باہمی اور کثیرالجہتی معاہدوں کے تحت 4.15 ارب ڈالر موصول ہوئے۔

رپورٹ کے مطابق سعودی عرب اور چین کے 9 ارب ڈالر کے ڈیپازٹس رول اوور کیے جانے کا تخمینہ ہے جن میں سے سعودی عرب کے 3 ارب ڈالر پہلے ہی رول اوور ہوچکے ہیں دوسری جانب پاکستان نے اپریل میں متحدہ عرب امارات کو 3 ارب ڈالر واپس بھی کیے۔

دستاویزات کے مطابق ایشیائی ترقیاتی بینک سے 1.92 ارب ڈالر جبکہ عالمی بینک گروپ سے 1.66 ارب ڈالر قرض ملنے کی توقع ہے۔

رواں مالی سال مجموعی بیرونی قرض کا تخمینہ 5720 ارب روپے لگایا گیا ہے جبکہ حکومت نے گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 5 ارب ڈالر زیادہ قرض حاصل کیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں