1

شہر قائد میں آلائشوں کا ٹھکانے لگانے کے بعد عرق گلاب کا اسپرے ہو گا، میئر کراچی

شہر قائد میں آلائشوں کا ٹھکانے لگانے کے بعد عرق گلاب کا اسپرے ہو گا، میئر کراچی

ہزاروں ٹن آلائشیں اور کچرا شہر سے اٹھا کر لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا گیا ہے، مرتضیٰ وہاب

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ شہر میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ کا آپریشن دوسرے روز بھی جاری ہے اور آلائشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے کے بعد صفائی کے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

میئر کراچی کے مطابق شہر میں جمع ہونے والی قربانی کی آلائشوں کو اٹھانے کے بعد چونے کا چھڑکاؤ کیا جا رہا ہے جبکہ ماحول کو خوشگوار بنانے کے لیے عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ شہر کی موجودہ صورتحال مکمل طور پر کنٹرول میں ہے اور وہ خود مختلف علاقوں کے دورے کر کے صفائی آپریشن کا جائزہ لے رہے ہیں۔ اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ بھی ان کے ہمراہ تھے۔

مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ انہوں نے عید کے دوسرے روز ماڑی پور، بلدیہ ٹاؤن، صدر ٹاؤن، مومن آباد ٹاؤن، ماڈل کالونی اور دیگر علاقوں کا دورہ کیا جبکہ چڑیا گھر کے قریب قائم کلیکشن پوائنٹس کا بھی معائنہ کیا۔

ان کے مطابق مجموعی طور پر ہزاروں ٹن آلائشیں اور کچرا شہر سے اٹھا کر لینڈ فل سائٹس تک منتقل کیا گیا ہے جبکہ شرافی، جام چاکرو اور گوند پاس سمیت مختلف مقامات پر آلائشیں بروقت پہنچائی گئیں۔

میئر کراچی نے بتایا کہ کراچی کے ساتوں اضلاع سے بڑی مقدار میں آلائشیں کلیکشن سینٹرز پر منتقل کی گئیں اور رات گئے تک صفائی کا آپریشن مکمل کر لیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ آج چونے کے چھڑکاؤ کے ساتھ ساتھ فیومگیشن اور عرق گلاب کا اسپرے بھی کیا جائے گا تاکہ شہر میں صفائی اور خوشبو کا ماحول برقرار رہے۔

مرتضیٰ وہاب نے مختلف علاقوں کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مجموعی طور پر آپریشن مؤثر انداز میں جاری ہے اور شہر میں حالات قابو میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مختلف ٹاؤن چیئرمینز سے بھی ملاقات ہوئی ہے اور متعدد علاقوں میں صفائی کے کاموں کو بہتر انداز میں سرانجام دیا جا رہا ہے۔

میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے مزید کہا کہ بعض عناصر کی تنقید کے باوجود صفائی آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری ہے اور شہریوں کی سہولت کو ہر صورت یقینی بنایا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں