1

کروز جہاز پر پراسرار وائرس نے 3 جانیں لے لیں، ہنٹا وائرس کیا ہے؟

کروز جہاز پر پراسرار وائرس نے 3 جانیں لے لیں، ہنٹا وائرس کیا ہے؟

عالمی ادارہ صحت نے کہا ہے کہ اس وائرس سے عام عوام کو لاحق خطرہ کم ہے۔

بحرِ اوقیانوس میں سفر کرنے والے نیدرلینڈز کے ایک کروز جہاز پر مبینہ طور پر ہنٹا وائرس کے باعث تین افراد کی ہلاکت کے بعد تشویش پیدا ہوگئی ہے۔

رپورٹس کے مطابق ’’ایم وی ہونڈیئس‘‘ نامی جہاز ارجنٹینا سے روانہ ہوکر کیپ وردے کی جانب جارہا تھا کہ اس دوران چند مسافروں میں بیماری کی علامات ظاہر ہوئیں۔ اب تک چھ افراد متاثر ہوئے جن میں سے تین ہلاک جب کہ ایک مریض انتہائی نگہداشت میں زیر علاج ہے۔

حکام کے مطابق صرف ایک مریض میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے جب کہ دیگر کیسز کی تحقیقات جاری ہیں۔ متاثرہ افراد کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں اور مزید ٹیسٹ بھی کیے جارہے ہیں۔

ہنٹا وائرس کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق ہنٹا وائرس ایک نایاب بیماری ہے جو عموماً چوہوں جیسے جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہوتی ہے۔ یہ جراثیم ان جانوروں کے فضلے، پیشاب یا لعاب کے ذریعے پھیلتا ہے اور جب یہ ذرات ہوا میں شامل ہوکر سانس کے ذریعے جسم میں داخل ہوں تو بیماری لاحق ہوسکتی ہے۔

یہ وائرس دو بڑی بیماریوں کا سبب بنتا ہے جن میں ایک پھیپھڑوں کو متاثر کرتی ہے اور دوسری گردوں کو نقصان پہنچاتی ہے۔ پھیپھڑوں والی بیماری زیادہ خطرناک سمجھی جاتی ہے۔

اس کی علامات ابتدا میں عام بخار جیسی ہوتی ہیں، جیسے تھکن اور بخار تاہم چند دن بعد سانس لینے میں دشواری اور کھانسی جیسی علامات ظاہر ہوسکتی ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اس بیماری کا کوئی مخصوص علاج موجود نہیں تاہم بروقت طبی سہولت، آرام اور دیگر معاون اقدامات سے مریض کی حالت بہتر بنائی جاسکتی ہے۔

احتیاطی تدابیر کے طور پر ماہرین نے مشورہ دیا ہے کہ گھروں اور اردگرد کے ماحول کو چوہوں سے پاک رکھا جائے اور ان کے فضلے سے براہِ راست رابطے سے گریز کیا جائے۔

عالمی ادارہ صحت کے مطابق اگرچہ حالیہ واقعہ تشویشناک ہے لیکن عام لوگوں کے لیے اس وائرس کا خطرہ کم ہے اور گھبرانے کی ضرورت نہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں