ایران پر معاشی دباؤ بڑھانے کی کوشش، سادگی ہی عوام کا مؤثر ہتھیار ہے؛ محمد باقر قالیباف
سادگی وہ مؤثر ترین ہتھیار ہےجو عوام دشمن کے خلاف استعمال کرسکتے ہیں، باقر قالیباف
تہران: ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کہا ہے کہ دشمن معاشی دباؤ کے ذریعے ایران کو جھکانے کی کوشش کررہا ہے۔ سادگی اختیار کرنا عوام کا ایسا مؤثر ہتھیار ہے جس سے بیرونی دباؤ کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز میں ممکنہ فوجی حملوں اور دہشت گرد کارروائیوں کے خدشات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
انہوں نے کہا کہ دشمن مختلف طریقوں سے ایران کو دباؤ میں لانے کی کوشش کررہا ہے جس میں معاشی پابندیاں اور دباؤ نمایاں ہیں تاہم قوم متحد ہوکر ان چیلنجز کا مقابلہ کرسکتی ہے۔
اسپیکر کا کہنا تھا کہ سادگی اپنانا ایک ایسا مؤثر ہتھیار ہے جس کے ذریعے عوام دشمن کی حکمت عملی کو ناکام بناسکتے ہیں اور ملکی معیشت پر دباؤ کو کم کیا جاسکتا ہے۔
محمد باقر قالیباف نے کہا کہ ملک کی اعلیٰ قیادت سنجیدگی کے ساتھ معاملات کو آگے بڑھارہی ہے اور قومی مفاد کے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جارہے ہیں۔
انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ معاشی دباؤ کے اثرات کو کم کرنے کے لیے صرف حکومتی ادارے ہی نہیں بلکہ عوام کو بھی اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ موجودہ حالات میں قومی یکجہتی اور مشترکہ کوششیں ہی ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔




