کراچی: ایف آئی اے کے بعد ایف بی آر کا صرافہ مارکیٹ میں چھاپہ
ایف بی آر کی ٹیم مارکیٹ آئی تھی اور اس نے ریکارڈز چیک کیے، صدر آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن
کراچی میں وفاقی تحقیقاتی ادارے کی کارروائیوں کے بعد اب فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے بھی سونار مارکیٹ میں چھاپہ مار کارروائی کی ہے۔
ایف بی آر کی ٹیم ریجنل ٹیکس آفس کے حکام کے ہمراہ میٹھادر صرافہ مارکیٹ پہنچی جہاں سیکشن 175 سی کے تحت کارروائی کی گئی۔
ٹیم نے سوناروں کی دکانوں کا معائنہ کیا اور مختلف تاجروں کے ریکارڈز اور ڈیکلریشنز کی جانچ پڑتال کی۔
آل پاکستان جیولرز ایسوسی ایشن کے صدر قاسم شکارپوری نے تصدیق کی کہ ایف بی آر کی ٹیم مارکیٹ آئی تھی اور اس نے ریکارڈز چیک کیے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ ان سے بات چیت کے بعد ایف بی آر حکام واپس چلے گئے۔
کارروائی کے دوران مارکیٹ میں تاجروں میں تشویش پائی گئی جبکہ ایف بی آر حکام کی جانب سے مزید جانچ پڑتال کا امکان بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔




