10

شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

شہید لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی نماز جنازہ ادا، وزیر اعظم اور فیلڈ مارشل کی شرکت

شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں، وزیر اعظم شہباز شریف

راولپنڈی: لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ چھاؤنی راولپنڈی میں ادا کردی گئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے شرکت کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین شہید کی نماز جنازہ چکلالہ چھاؤنی راولپنڈی میں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ شہید افسر کا تعلق ضلع سرگودھا سے تھا اور انہوں نے گزشتہ روز بلوچستان میں انٹیلیجنس بیسڈ آپریشن کے دوران اپنے جوانوں کی قیادت کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔

نماز جنازہ میں وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر، وفاقی وزرا برائے داخلہ و اطلاعات، اعلیٰ سول و عسکری حکام اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور شہید کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر وزیراعظم نے لیفٹیننٹ کرنل خالد حسین کی جرات، بہادری اور فرض شناسی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پرعزم ہے اور اس ناسور کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا بھرپور مقابلہ کیا جائے گا اور ملک کے امن کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ شہداء کی قربانیاں قوم کے حوصلے کو مزید مضبوط بناتی ہیں اور ہم اپنے ہیروز کو کبھی فراموش نہیں کریں گے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ شہید افسر کو ان کے آبائی علاقے سرگودھا میں مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا جب کہ پاک فوج اور پوری قوم کی جانب سے شہید کو خراج عقیدت اور اہلخانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں