1

معرکہ حق کی پہلی سالگرہ پر سندھ حکومت کی جانب سے شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد

محکمہ اطلاعات حکومت سندھ کے زیر اہتمام “معرکۂ حق” میں پاکستان کی تاریخی کامیابی کو ایک سال مکمل ہونے پر شہر کے ایک مقامی ہوٹل میں شاندار اور پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جہاں ملک کی اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت ایک ہی پلیٹ فارم پر نظر آئی اور قومی یکجہتی کا بھرپور مظاہرہ کیا گیا۔

تقریب کی میزبانی سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کی، جبکہ مہمانِ خصوصی چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری تھے۔ تقریب میں فریال تالپور، قائم مقام گورنر اویس قادر شاہ، وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد اویس دستگیر، ڈی جی رینجرز سندھ محمد شمریز تنولی، کوم لاگ اور دیگر معززین نے شرکت کی۔

قوم آزمائش میں تھی مگر جھکی نہیں، بلاول بھٹو

اپنے تفصیلی خطاب میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ایک سال قبل پاکستان شدید غیر یقینی صورتحال سے دوچار تھا، سرحدوں پر کشیدگی عروج پر تھی اور جنگ کے خطرات منڈلا رہے تھے۔ سرحدی علاقوں میں تنازع کی گونج سنائی دے رہی تھی اور قوم ایک بڑے امتحان سے گزر رہی تھی۔

انہوں نے کہا کہ ان کٹھن حالات کے باوجود پاکستان ڈٹ کر کھڑا رہا اور قومی یکجہتی نے بحران کا مقابلہ ممکن بنایا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان نے غیر یقینی سے استحکام کی طرف سفر کیا اور 1947 میں قائم ہونے والا ملک ہر آزمائش کے بعد مزید مضبوط ہو کر ابھرا۔

بلاول بھٹو نے اس کامیابی کو صرف عسکری فتح نہیں بلکہ عزم، حوصلے اور اتحاد کی جیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ اُن لوگوں کی فتح تھی جنہوں نے جھکنے سے انکار کیا۔ شمال کے پہاڑوں سے بحیرۂ عرب کے ساحلوں تک اور پنجاب کے کھیتوں سے سندھ و بلوچستان کے صحراؤں تک پوری قوم ایک صف میں کھڑی رہی۔

انہوں نے کہا کہ مسلح افواج نے جرات، نظم و ضبط اور وقار کے ساتھ دفاع کیا جبکہ پاکستانی سفارتکاروں نے عالمی سطح پر مؤقف کو مؤثر انداز میں پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ عناصر تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، مگر تاریخ شور سے نہیں بلکہ ثابت قدم قوموں سے لکھی جاتی ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے کبھی جنگ کی خواہش نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن کو ترجیح دی، لیکن ضرورت پڑنے پر دفاع میں کوئی کمزوری نہیں دکھائی گئی۔ ان کے مطابق موجودہ وقت غرور کا نہیں بلکہ غور و فکر اور ذمہ داری کا تقاضا کرتا ہے، کیونکہ پائیدار امن انصاف، وقار اور باہمی احترام سے ہی ممکن ہے۔

نوجوان اس فتح کے اصل وارث ہیں

بلاول بھٹو نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ یہ کامیابی کسی ایک ادارے یا فرد کی نہیں بلکہ پوری قوم کی مشترکہ جدوجہد ہے، اور نوجوان اس کے اصل وارث ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ ثابت قدمی کو ترقی اور ہمت کو تخلیق میں بدلیں اور اس کامیابی کو ایک مشن کے طور پر اپنائیں۔

انہوں نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم اُن قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی، شہداء کے نام ہمیشہ زندہ رہیں گے اور ہم سب ان کے مقروض ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک بہتر اور مضبوط پاکستان کی تعمیر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک سال پہلے دنیا پاکستان کو شکوک کی نگاہ سے دیکھ رہی تھی، مگر آج دنیا تسلیم کرتی ہے کہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ملک ہے جو دباؤ کے آگے نہیں جھکتا۔

چند گھنٹوں میں دشمن کو جواب مل گیا، مراد علی شاہ

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے خطاب میں کہا کہ جب بھارت نے پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھا تو پوری قوم، افواج، سیاسی قیادت، میڈیا اور نوجوان ایک ہوگئے اور چند ہی گھنٹوں میں دشمن کو اس کی حقیقت کا اندازہ ہو گیا۔

انہوں نے ڈپلومیٹک کور کے اراکین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 22 اپریل کو بھارت نے فالس فلیگ آپریشن کر کے الزام پاکستان پر ڈالنے کی کوشش کی، جبکہ مئی کے پہلے ہفتے میں باقاعدہ فوجی کارروائی شروع کی گئی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ رافیل طیارے بھارت کا فخر تھے مگر اصل مہارت انہیں چلانے والوں کی ہوتی ہے اور پاکستان نے دو رافیل طیاروں سمیت کئی جہاز مار گرائے۔ انہوں نے کہا کہ دیہات میں عام شہری بھی ڈرونز گرا رہے تھے اور چند گھنٹوں میں بھارت کی دفاعی صلاحیت مفلوج ہو گئی۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ اس کے برعکس پاکستانی میڈیا نے ذمہ دارانہ کردار ادا کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نیوی مکمل طور پر تیار تھی اور کراچی پورٹ سے متعلق دشمن کا پروپیگنڈا بے بنیاد ثابت ہوا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کے ساتھ تنازع 1947 سے جاری ہے اور ملکی دفاع کو مضبوط بنانے میں ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کا کردار تاریخی حیثیت رکھتا ہے، جنہوں نے ایٹمی اور میزائل پروگرام کی بنیاد رکھی۔

نئی نسل نے پہلی بار طاقت دیکھی، شرجیل میمن

سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ دن خوشی اور فخر کا دن ہے جب دشمن کو منہ توڑ جواب دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل نے پہلی بار اپنی مسلح افواج کی طاقت، صلاحیت اور بہادری کو عملی طور پر دیکھا۔

انہوں نے کہا کہ قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنایا جبکہ بینظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کو فروغ دے کر اسے مزید مضبوط کیا۔ انہوں نے آصف علی زرداری کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اہم مواقع پر فیصلہ کن کردار ادا کیا، جبکہ بلاول بھٹو زرداری نے بطور وزیر خارجہ عالمی سطح پر پاکستان کا مؤقف مؤثر انداز میں پیش کیا اور کشمیر کا مقدمہ اجاگر کیا۔

انہوں نے بھارتی میڈیا پر الزام لگایا کہ اس نے لاہور اور کراچی کی تباہی کا جھوٹا تاثر دیا، جبکہ حقیقت میں پاکستانی شاہینوں نے دشمن کو عبرتناک شکست دی اور قومی میڈیا نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا۔

تقریب میں اہم شخصیات کی شرکت

تقریب میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں شیری رحمان، قائم علی شاہ، نثار کھہڑو سمیت کاروباری برادری کے نمایاں افراد عارف حبیب، عقیل کریم ڈھیڈی، زبیر موتی والا اور جاوید بلوانی نے شرکت کی۔

شرکاء نے قومی یکجہتی، افواجِ پاکستان کی قربانیوں اور ملک کے دفاع کے عزم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور اس بات پر زور دیا کہ یہ کامیابی پوری قوم کی مشترکہ طاقت کا نتیجہ ہے، جو مستقبل میں بھی پاکستان کو ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت فراہم کرے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں