1

نیب کراچی کی بڑی کارروائی، 6 ارب روپے مالیت کی 80 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

نیب کراچی کی بڑی کارروائی، 6 ارب روپے مالیت کی 80 ایکڑ سرکاری زمین واگزار

یہ زمین گلستان سرمست ہاؤسنگ اسکیم دیھ گنجو ٹکر حیدرآباد میں واقع ہے۔

کراچی: قومی احتساب بیورو (نیب) کراچی نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے اربوں روپے مالیت کی 80 ایکڑ قیمتی سرکاری زمین کی الاٹمنٹ منسوخ کراکر زمین حکومت کے حوالے کردی ہے۔

نیب کراچی کے مطابق یہ زمین مبینہ طور پر غیر قانونی طور پر میسرز بحریہ ٹاؤن کو الاٹ کی گئی تھی جو 8 جنوری 2015 کو قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے دی گئی۔

یہ زمین گلستان سرمست ہاؤسنگ اسکیم دیھ گنجو ٹکر حیدرآباد میں واقع ہے جو یونیورسٹی کے قیام کے لیے مختص کی گئی تھی۔

مذکورہ زمین صرف 38 کروڑ 30 لاکھ روپے کے عوض الاٹ کی گئی تھی جب کہ اس کی اصل مالیت تقریباً 6 ارب روپے بتائی جاتی ہے۔

الاٹمنٹ کی شرط کے مطابق منصوبے پر تین سال کے اندر تعمیر مکمل کرنا لازم تھا، بصورت دیگر الاٹمنٹ منسوخ اور تمام ادائیگیاں ضبط کرلی جانی تھیں تاہم میسرز بحریہ ٹاؤن اس شرط پر عمل درآمد میں ناکام رہا۔

نیب کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ زمین غیر قانونی طور پر الاٹ کی گئی تھی اور واجبات کی ادائیگی بھی مکمل نہیں کی گئی۔

نیب کراچی کی مداخلت کے بعد متعلقہ ادارے کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی جب کہ زمین کا قبضہ بھی حکومت کے حوالے کردیا گیا۔

حکام کے مطابق اس کارروائی کے نتیجے میں قومی خزانے کو اربوں روپے کے ممکنہ نقصان سے بچالیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں