2

نیویارک میں پاک چین سفارتی پاور شو، اسحاق ڈار اور وانگ ای کی اہم ملاقات

نیویارک میں پاک چین سفارتی پاور شو، اسحاق ڈار اور وانگ ای کی اہم ملاقات

پاک چین تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے، وانگ ای

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نیویارک میں چینی وزیر خارجہ وانگ ای سے اہم ملاقات کی جس میں پاک چین تعلقات، عالمی صورتحال اور خطے میں امن و استحکام سمیت مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار چینی وزیر خارجہ وانگ ای کی دعوت پر نیویارک کے دورے پر موجود ہیں جہاں انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں چین کی صدارت میں ہونے والے بین الاقوامی امن و سلامتی سے متعلق اوپن ڈیبیٹ میں شرکت کی۔

نائب وزیراعظم نے عالمی نظم و نسق میں اصلاحات، بین الاقوامی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ تعاون اور کثیرالجہتی نظام کے فروغ سے متعلق اجلاس میں بھی شرکت کی، جس کی صدارت چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کی۔

ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور چین کے سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ پر ایک دوسرے کو مبارکباد دی اور پاک چین قیادت کے درمیان قریبی روابط پر اطمینان کا اظہار کیا۔

چینی وزیر خارجہ وانگ ای نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان اسٹریٹجک روابط کو مزید مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ نئے دور میں مشترکہ مستقبل پر مبنی پاک چین برادری کی تعمیر کو مزید تیز کیا جائے گا۔

وانگ ای کا کہنا تھا کہ پاک چین تعلقات نہ صرف دونوں ممالک کے عوام کے لیے فائدہ مند ثابت ہوں گے بلکہ خطے میں امن و استحکام کے فروغ میں بھی اہم کردار ادا کریں گے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی احترام، پُرامن بقائے باہمی اور اصولوں پر مبنی عالمی نظام کے فروغ کے لیے قریبی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

فریقین نے اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو مزید وسعت دینے اور پاک چین دوستی کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں