7

کم جونگ اُن کی بیٹی کے لباس نے سب کی توجہ حاصل کرلی، کیا وہ اگلی رہنما بننے کی تیاری کررہی ہیں؟

کم جونگ اُن کی بیٹی کے لباس نے سب کی توجہ حاصل کرلی، کیا وہ اگلی رہنما بننے کی تیاری کررہی ہیں؟

کم جونگ ان کی بیٹی کبھی روایتی اور سادہ لباس میں نظر آتی ہیں تو کبھی جدید انداز اپنائے ہوئے دکھائی دیتی ہیں۔

شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی کم عمر بیٹی کی سرکاری تقریبات میں بڑھتی موجودگی اور منفرد لباس نے نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ماہرین کے مطابق ان کا اندازِ لباس اس بات کا اشارہ ہوسکتا ہے کہ انہیں مستقبل کی قیادت کے لیے تیار کیا جارہا ہے۔

چند برس قبل پہلی بار عوام کے سامنے آنے والی کم جونگ اُن کی بیٹی اب مسلسل سرکاری تقاریب، میزائل تجربات اور فوجی پریڈز میں اپنے والد کے ساتھ نظر آرہی ہیں جس کے بعد ان کی اہمیت میں واضح اضافہ دیکھا جارہا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان کے لباس اور انداز کو خاص حکومتی ادارے کے ذریعے ترتیب دیا جاتا ہے تاکہ انہیں ایک سنجیدہ اور باوقار شخصیت کے طور پر پیش کیا جاسکے۔

کم عمری کے باوجود انہیں اکثر رسمی لباس میں دکھایا جاتا ہے جس سے ان کی عمر کے تاثر کو کم کرکے ایک مضبوط رہنما کی شبیہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔

کبھی وہ روایتی اور سادہ لباس میں نظر آتی ہیں تو کبھی چمڑے کی جیکٹس اور جدید انداز اپنائے ہوئے دکھائی دیتی ہیں جو اس بات کی علامت سمجھی جارہی ہے کہ انہیں مختلف حالات کے مطابق پیش کیا جارہا ہے۔

ماہرین کے مطابق ماضی میں بھی شمالی کوریا کی قیادت نے اپنے اقتدار کو مضبوط بنانے کے لیے ظاہری مشابہت اور انداز کو استعمال کیا۔ کم جونگ اُن نے اپنے دور کے آغاز میں اپنے دادا جیسا لباس اور انداز اپناکر عوامی حمایت حاصل کی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایک طرف عام شہریوں پر غیر ملکی ثقافت اور لباس پر سخت پابندیاں عائد ہیں، وہیں حکمران خاندان کو اس سے استثنا حاصل ہے۔

کم جونگ اُن اور ان کی بیٹی مہنگے اور غیر ملکی طرز کے ملبوسات پہنتے نظر آتے ہیں جو ان کے اعلیٰ مقام کی علامت سمجھا جاتا ہے۔

ان تمام عوامل کے باعث اب کم جونگ اُن کی بیٹی نہ صرف سیاسی بلکہ فیشن کے حوالے سے بھی توجہ کا مرکز بنتی جارہی ہیں جب کہ کچھ امیر طبقے کے افراد بھی ان کے انداز کو اپنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں