1

برآمدات بڑھائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے نئی سہولتوں کا اعلان

برآمدات بڑھائے بغیر معاشی ترقی ممکن نہیں، وزیراعظم کا صنعتوں کیلئے نئی سہولتوں کا اعلان

کاروباری برادری کو سہولت دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، شہباز شریف

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ برآمدات پر مبنی صنعت ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے اہداف کے حصول کیلئے ناگزیر ہے حکومت کی تمام تر توجہ برآمدات بڑھانے اور صنعتوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کرنے پر مرکوز ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت ملکی برآمدات میں اضافے سے متعلق حکمت عملی پر اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں برآمدی شعبے کو درپیش مسائل، نئی پالیسی تجاویز اور صنعتوں کی معاونت کیلئے مختلف اقدامات پر غور کیا گیا۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے ہدایت کی کہ چھوٹے اور درمیانے درجے کے ایسے کاروبار اور صنعتیں جو ملکی برآمدات میں اہم کردار ادا کر سکتی ہیں ان کیلئے خصوصی سہولیات اور مراعات کا جامع لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ایسے نئے کاروباروں اور صنعتی شعبوں کے فروغ کیلئے بھی مؤثر حکمت عملی مرتب کی جائے جو مستقبل میں ملکی برآمدات میں نمایاں اضافہ کر سکیں۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ ملکی صنعت اور تجارت میں ریسرچ اینڈ ڈویلپمنٹ، جدت اور جدید ٹیکنالوجی کا فروغ پاکستانی مصنوعات کو عالمی منڈی میں مسابقتی بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔

شہباز شریف نے برآمد کنندگان کو ٹیکس ریفنڈز کی بروقت ادائیگی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کاروباری برادری کو سہولت دینا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

اجلاس کو ملکی برآمدات میں اضافے کیلئے مجوزہ حکمت عملی اور پالیسی مسودے پر تفصیلی بریفنگ دی گئی جبکہ شرکاء نے مختلف تجاویز اور سفارشات بھی پیش کیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ، وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان، وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین، وفاقی وزیر موسمیاتی تبدیلی مصدق ملک، وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کام شزا فاطمہ، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاونِ خصوصی ہارون اختر اور اعلیٰ سرکاری حکام نے شرکت کی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں