1

تہران میں پاکستان اور ایران کے وزرائے داخلہ کی ملاقات، امن و استحکام پر اتفاق

تہران میں پاکستان اور ایران کے وزرائے داخلہ کی ملاقات، امن و استحکام پر اتفاق

ایرانی وزیر داخلہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہا۔

تہران: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے تہران میں اپنے ایرانی ہم منصب ڈاکٹر مومنی سے ملاقات کی جس میں خطے کی مجموعی صورتحال، امن و امان اور باہمی تعاون کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران ایرانی وزیر داخلہ نے کہا کہ ایران ہمیشہ امن کی حمایت کرتا ہے اور خطے میں استحکام کے لیے مسلسل کوششیں جاری رکھے ہوئے ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایران پاکستان کی جانب سے امن کے لیے کی جانے والی تمام مخلصانہ کوششوں کی بھرپور قدر کرتا ہے۔

ایرانی وزیر داخلہ کے مطابق پاکستان کی جانب سے امن و امان کے قیام کے لیے کیے گئے اقدامات قابلِ احترام ہیں اور تہران حکومت ان کوششوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ پاکستان کی امن پالیسیوں کو دل کی گہرائیوں سے سراہا جاتا ہے جب کہ ملاقات میں خطے میں تعاون اور سیکیورٹی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

اس موقع پر ایرانی وزیر داخلہ نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کوششوں کو بھی سراہتے ہوئے انہیں مخلصانہ اور مثبت قرار دیا۔

دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا تاکہ خطے میں امن، استحکام اور باہمی اعتماد کو مضبوط بنایا جاسکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں