شمالی وزیرستان میں بڑا آپریشن، سیکیورٹی فورسز کے ہاتھوں 22 دہشتگرد جہنم واصل
شمالی وزیرستان میں سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے
شمالی وزیرستان کے علاقے شیوہ میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کرتے ہوئے 22 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ 17 مئی سے جاری آپریشن کے دوران سیکیورٹی فورسز اور خوارج کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں دہشتگردوں کے متعدد ٹھکانے مؤثر کارروائی کے ذریعے تباہ کیے گئے۔
فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن مزید تیز کردیا ہے جبکہ ہلاک دہشتگردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔
سیکیورٹی حکام کے مطابق مارے گئے دہشتگرد مختلف دہشتگرد کارروائیوں میں ملوث تھے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے کارروائی کے دوران مقامی آبادی کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کرنے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی اداروں نے انتہائی قابل مذمت قرار دیا ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شمالی وزیرستان میں سینیٹائزیشن آپریشن بدستور جاری ہے اور علاقے کو مکمل طور پر کلیئر کرنے کے لیے کارروائیاں مزید تیز کردی گئی ہیں۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان آرمڈ فورسز، قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریاستی ادارے “عزمِ استحکام” اور وفاقی ایپکس کمیٹی کے نیشنل ایکشن پلان وژن کے تحت ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لیے پرعزم ہیں۔




