پاکستان میں انٹرنیٹ استعمال کرنے والے صارفین کے لیے بُری خبر سامنے آ گئی
زیرِ سمندر کیبلز عالمی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ سنبھالتی ہیں
اگر آپ روزمرہ کام، آن لائن میٹنگز، اسٹریمنگ یا سوشل میڈیا کیلئے پی ٹی سی ایل انٹرنیٹ استعمال کرتے ہیں تو آنے والا ہفتہ آپ کیلئے پریشانی لا سکتا ہے۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) نے ملک بھر میں انٹرنیٹ سروس کی رفتار متاثر ہونے سے متعلق اہم اطلاع جاری کردی ہے۔ کمپنی کے مطابق 11 مئی سے 18 مئی تک سب میرین کیبل پر تکنیکی مرمت کا کام جاری رہے گا جس کے باعث صارفین کو سست انٹرنیٹ یا کنیکٹیویٹی مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔
پی ٹی سی ایل کا کہنا ہے کہ مرمت کے دوران خاص طور پر شام کے اوقات میں انٹرنیٹ اسپیڈ معمول سے کم رہنے کا امکان ہے، کیونکہ بین الاقوامی کیبل کنسورشیم کی جانب سے زیرِ سمندر کیبل پر کام کیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ اپ گریڈ اور مرمتی عمل مستقبل میں انٹرنیٹ سروس کو زیادہ مستحکم اور بہتر بنانے کیلئے ضروری ہے، تاکہ صارفین کو طویل مدت تک معیاری سروس فراہم کی جاسکے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ زیرِ سمندر کیبلز عالمی انٹرنیٹ ٹریفک کا بڑا حصہ سنبھالتی ہیں، اس لیے ان میں معمولی تکنیکی خرابی بھی کئی ممالک میں رفتار متاثر کرسکتی ہے۔




