1

چین روانگی سے قبل ٹرمپ کے بڑے دعوے، ایران اور روس پر اہم بیان

چین روانگی سے قبل ٹرمپ کے بڑے دعوے، ایران اور روس پر اہم بیان

چینی صدر کے ساتھ ایران جنگ سمیت کئی اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی، ڈونلڈ ٹرمپ

واشنگٹن: ڈونلڈ ٹرمپ نے چین روانگی سے قبل وائٹ ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایران، چین، روس یوکرین جنگ اور پاکستان سے متعلق اہم بیانات دیے ہیں۔

امریکی صدر نے کہا کہ وہ دورۂ چین کے لیے پرجوش ہیں اور اس دوران چینی صدر کے ساتھ ایران جنگ سمیت کئی اہم امور پر تفصیلی بات چیت ہوگی۔

ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ انہیں امید ہے کہ ایران کے معاملے پر کسی اضافی مدد کی ضرورت پیش نہیں آئے گی تاہم وہ چین جاتے ہوئے ایران کے ساتھ جنگ بندی ختم کرنے کے معاملے پر غور کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ امریکا ایران کے ساتھ ایک اچھی مفاہمت چاہتا ہے جو دونوں ممالک کے مفاد میں ہو۔ امریکا ایران کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دے گا۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ایران کے خلاف ناکہ بندی انتہائی مؤثر ثابت ہوئی ہے اور امریکا اس معاملے پر کوئی کھیل نہیں کھیل رہا۔ اگر ایران نے خود کو درست نہ کیا تو امریکا اپنا کام مکمل کرے گا۔

گفتگو کے دوران پاکستان کا ذکر کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مذاکراتی عمل میں شاندار رہا جب کہ پاکستان کے وزیراعظم اور فیلڈ مارشل عاصم منیر بہترین شخصیات ہیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ 2026 کے اختتام سے قبل چینی صدر امریکا کا دورہ کریں گے جس سے دونوں ممالک کے تعلقات میں مزید پیش رفت متوقع ہے۔

روس اور یوکرین جنگ کے حوالے سے ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ یہ جنگ جلد ختم ہونے والی ہے۔ انہوں نے وینزویلا سے متعلق بھی بات کرتے ہوئے کہا کہ وہاں سے تمام سیاسی قیدیوں کو باہر نکالا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں