کراچی میں بیوپاریوں کے لیے مویشی منڈی لگانا اب آسان نہیں ہو گا، مگر کیوں؟
بغیر اجازت قائم ہونے والی کسی بھی مویشی منڈی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی
شہر قائد میں عیدالاضحیٰ سے قبل مویشی منڈیوں کے قیام کے لیے سخت قواعد نافذ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے، جس کے تحت اب کسی بھی منڈی کے لیے اجازت نامہ صرف کمشنر کی منظوری سے ہی جاری ہوگا۔
یہ اہم فیصلہ کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں کیا گیا، جس میں تمام ڈپٹی کمشنرز اور بلدیاتی اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔ حکام کے مطابق اجازت نامے پولیس اور ٹریفک پولیس کی مشاورت سے جاری کیے جائیں گے تاکہ سیکیورٹی اور ٹریفک کے مسائل پر قابو پایا جا سکے۔
اجلاس میں واضح کیا گیا کہ بلدیہ عظمیٰ، ٹاؤنز اور کنٹونمنٹ بورڈز کو اجازت نامے کے لیے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز سے رجوع کرنا ہوگا، جبکہ بغیر اجازت قائم ہونے والی کسی بھی مویشی منڈی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔
حکام نے اس عزم کا اظہار کیا کہ شہر بھر میں غیر قانونی مویشی منڈیوں کے قیام کو ہر صورت روکا جائے گا، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کیا جائے گا۔




