1

کس عمر میں وزن بڑھنا سب سے زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے؟ تحقیق

کس عمر میں وزن بڑھنا سب سے زیادہ خطرناک ہوسکتا ہے؟ تحقیق

مردوں میں 45 سال سے پہلے وزن بڑھنے کی صورت میں کینسر کا خطرہ زیادہ نمایاں ہوتا ہے۔

زیادہ وزن کا تعلق کینسر کے خطرے سے پہلے ہی ثابت شدہ ہے تاہم سویڈن میں کی گئی ایک نئی تحقیق نے اس حوالے سے مزید اہم تفصیلات سامنے رکھ دیں۔

تحقیق کے مطابق صرف یہ نہیں دیکھا جانا چاہیے کہ کوئی شخص موٹاپے یا زیادہ وزن کا شکار ہے بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ زندگی کے کس حصے میں وزن میں اضافہ ہوا۔

سویڈن کے مختلف اداروں کے محققین نے 6 لاکھ 30 ہزار سے زائد افراد کے پہلے سے موجود صحت کے ریکارڈز کا تجزیہ کیا۔ ان افراد کے 17 سے 60 سال کی عمر کے دوران مختلف اوقات میں وزن کے پیمانے درج تھے۔

ان اعداد و شمار کا کینسر کے مریضوں کے ڈیٹا سے موازنہ کیا گیا تو کئی اہم رجحانات سامنے آئے۔ تحقیق میں بتایا گیا کہ زندگی میں کسی بھی وقت تیزی سے وزن بڑھنا کئی اقسام کے کینسر کے خطرے سے جڑا ہوا ہے۔

مردوں میں خاص طور پر جگر اور غذائی نالی کے کینسر جب کہ خواتین میں رحم کے کینسر کے خطرات زیادہ دیکھے گئے۔ اس کے علاوہ گردے کے کینسر اور پٹیوٹری گلینڈ کے ٹیومر دونوں جنسوں میں بڑھتے ہوئے وزن سے منسلک پائے گئے۔

مردوں میں 45 سال سے پہلے وزن بڑھنے کی صورت میں کینسر کا خطرہ زیادہ نمایاں تھا جب کہ خواتین میں 30 سال کے بعد وزن میں اضافہ زیادہ خطرناک پایا گیا جس کی وجہ عمر کے ساتھ ہونے والی ہارمونز کی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں۔

کچھ اقسام کے کینسر جیسے لبلبے کے کینسر میں خطرہ زیادہ تر اس وزن سے جڑا ہوا تھا جو 17 سال کی عمر میں ہوا۔ تحقیق میں یہ بھی دیکھا گیا کہ جتنی جلدی کسی شخص میں موٹاپا شروع ہوتا ہے تو کینسر کا خطرہ اتنا ہی زیادہ بڑھ جاتا ہے۔

محققین کے مطابق وزن، عمر، جنس اور وزن بڑھنے کی رفتار سب مل کر کینسر کے خطرے پر اثر انداز ہوتے ہیں، اس لیے ایک ہی وقت کے بجائے پوری زندگی کے دوران وزن کی تبدیلیوں کو دیکھنا زیادہ درست نتیجہ دیتا ہے۔

تاہم یہ بھی واضح کیا گیا کہ یہ مشاہداتی تحقیق ہے اور اس سے براہ راست سبب اور نتیجہ ثابت نہیں ہوتا جب کہ خوراک و ورزش جیسے عوامل بھی نتائج پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں کینسر سے بچاؤ کی حکمت عملیوں کو عمر اور جنس کے حساب سے زیادہ مخصوص بنایا جانا چاہیے تاکہ بہتر نتائج حاصل کیے جاسکیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں