1

12 سے 24 گھنٹوں کے دوران بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری

این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے ملک کے مختلف علاقوں میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا الرٹ جاری کردیا۔

این ڈی ایم اے کے مطابق موجودہ موسمی صورتحال وہی ہے جس کی پیش گوئی اپریل تا جون کے موسمی جائزے میں پہلے ہی کردی گئی تھی۔ ملک میں جاری بارشوں کا سلسلہ اسی الرٹ کے تحت متوقع تھا۔

پنجاب

پنجاب کے مختلف اضلاع میں تیز ہواؤں، گرج چمک کے ساتھ بارش اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں مری، اسلام آباد، راولپنڈی، لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، گجرات، اٹک، چکوال اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

گلگت اور آزاد کشمیر

اسی طرح گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے جن میں گلگت، اسکردو، ہنزہ، نیلم ویلی، مظفرآباد، باغ، پونچھ اور دیگر علاقے شامل ہیں۔

خیبرپختونخوا

خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جن میں پشاور، سوات، مانسہرہ، ایبٹ آباد، کوہاٹ، بنوں، ڈیرہ اسماعیل خان اور دیگر علاقے شامل ہیں۔ بعض مقامات پر ژالہ باری کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں 2 سے 5 مئی کے دوران شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث اچانک سیلاب، لینڈ سلائیڈنگ اور گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے سے سیلابی ریلے اور ندی نالوں میں طغیانی پیدا ہوسکتی ہے جب کہ پہاڑی علاقوں میں سڑکیں بند ہونے اور آمدورفت متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، کمزور پلوں اور سیلابی پانی سے دور رہنے کی ہدایت کی ہے۔ شہریوں کو کہا گیا ہے کہ وہ گلیشیائی جھیلوں اور خطرناک ڈھلوانوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں۔

مزید ہدایات میں کہا گیا ہے کہ مویشیوں اور قیمتی سامان کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جائے اور مقامی انتظامیہ کی ہدایات پر مکمل عمل کیا جائے۔

ادارے نے خبردار کیا ہے کہ بارش اور تیز ہواؤں کے دوران حد نگاہ کم اور سڑکیں پھسلن کا شکار ہو سکتی ہیں جب کہ کمزور تعمیرات کو نقصان پہنچنے اور ٹریفک متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

این ڈی ایم اے نے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیش گی اقدامات یقینی بنانے کی ہدایت جاری کردی ہے جب کہ شہریوں کو بروقت معلومات کے لیے ڈیزاسٹر الرٹ ایپ استعمال کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں