190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں میں اہم پیش رفت
بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل دینے کے لیے آخری مہلت دے دی گئی
اسلام آباد ہائیکورٹ میں 190 ملین پاؤنڈ کیس کی اپیلوں سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آئی ہے جہاں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے وکلا کو دلائل دینے کے لیے 20 مئی تک آخری مہلت دے دی۔
دو رکنی بینچ نے تحریری حکم نامہ جاری کرتے ہوئے کہا کہ وکیل سلمان صفدر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے ہدایات لینے کے لیے سماعت ملتوی کرنے کی درخواست دائر کی تاہم نیب نے اس درخواست کی مخالفت کی۔
حکم نامے کے مطابق گزشتہ سماعت کے دوران تمام فریقین کو حاضری یقینی بنانے اور اپیلوں پر دلائل دینے کی ہدایت کی گئی تھی، لیکن آج کی سماعت میں دلائل دینے کے بجائے کمزور وجوہات کی بنیاد پر التوا کی درخواست دائر کی گئی۔
عدالت کی جانب سے کہا گیا کہ امید ہے فریقین جان بوجھ کر سماعت سے غیر حاضر نہیں ہوں گے، ناغیرضروری التوا مانگیں گے، کیس کی حساسیت اور اہمیت کی وجہ سے آخری اور حتمی مہلت دی جارہی ہے۔
حکم نامے میں ہدایت کی گئی کہ سلمان صفدر تمام ضروری اقدامات اٹھا لیں اور آئندہ سماعت 20 مئی اپیلوں پر دلائل دیں۔




