2 سے 4 مئی تک تیز بارشوں اور آندھی کا امکان، الرٹ جاری
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
پشاور: پی ڈی ایم اے نے خیبرپختونخوا کے بالائی اور وسطی اضلاع میں 2 سے 4 مئی کے دوران تیز ہواؤں، گرج چمک اور بارشوں کی پیش گوئی کرتے ہوئے ضلعی انتظامیہ کو الرٹ جاری کردیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق بالائی اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ اور ایبٹ آباد میں بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔ اسی طرح پشاور، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، کوہاٹ، کرم، اورکزئی، خیبر، باجوڑ، مہمند، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی تیز بارش اور آندھی متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ جب کہ مختلف مقامات پر ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔ میدانی علاقوں پشاور، مردان اور نوشہرہ میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی ظاہر کیا گیا ہے جس پر شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
مزید بتایا گیا ہے کہ تیز ہواؤں اور ژالہ باری سے کمزور عمارتوں، بجلی کے کھمبوں اور سولر پینلز کو نقصان پہنچ سکتا ہے جب کہ کھڑی فصلوں کو بھی متاثر ہونے کا اندیشہ ہے، اس لیے کسانوں کو حفاظتی اقدامات کی تلقین کی گئی ہے۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات، ریسکیو ٹیموں کی تیاری اور وسائل کی دستیابی یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔ ساتھ ہی اہم شاہراہوں کو کھلا رکھنے، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور متبادل راستوں کی فراہمی یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا ہے۔
متعلقہ اداروں کو نکاسی آب کے نظام کی صفائی اور اربن فلڈنگ سے بچاؤ کے لیے فوری اقدامات کرنے کی ہدایت دی گئی ہے جب کہ سیاحوں کو غیر ضروری سفر سے گریز اور موسمی صورتحال سے باخبر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور عوام کسی بھی ہنگامی صورتحال میں 1700 پر اطلاع دے سکتے ہیں۔




