علی ظفر شوبز کیوں چھوڑنا چاہ رہے ہیں؟
علی ظفر حال ہی میں ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف 8 سالہ قانونی جنگ جیت چکے ہیں
عالمی شہرت یافتہ گلوکار و اداکار علی ظفر نے یہ انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے شوبز انڈسٹری میں سیاسی ماحول دیکھ کر کئی بار شوبزچھوڑنے کا ارادہ کیا۔
علی ظفر کو حال ہی میں ایک نجی پوڈکاسٹ میں بطور مہمان مدعو کیا گیا جہاں انہوں نے اپنی ذاتی پیشہ ورانہ زندگی کے حوالے سے کھل کر اپنی رائے کا اظہار کیا۔
علی ظفر نے پوڈ کاسٹ میں شوبز کو مکمل طور پر خیرباد کہنے سے متعلق اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے کیریئر سے محبت کرتا ہوں اور مجھے پاکستان سے بے پناہ محبت اور عزت ملی ہے لیکن دل سے محض ایک فنکار ہوں ایک معصوم خواہش کے ساتھ شوبز میں آیا تھا کہ صرف فن تخلیق کروں۔
یہ بھی پڑھیں: علی ظفر کا نیا نعتیہ کلام ’’سوہنا نبی‘‘ جاری
انہوں نے کہا کہ میری واحد خواہش یہی تھی کہ تخلیقی کام جاری رکھو، لیکن جب اس شعبے میں سیاست شامل ہو جاتی ہے اور انسان کو متاثر کرتی ہے تو وہ انسان کو بدل کر کچھ اور بنا دیتی ہے اسی مرحلے پر میں نے سوچا کہ شاید سب کچھ چھوڑ دینا ہی بہتر ہو۔
گلوکار و اداکار نے یہ بھی کہا کہ مشکل وقت میں میرے اہلِ خانہ کی حمایت ہی وہ عنصر تھا جس نے مجھے ہر آزمائش سے نکالنے میں اہم کردار ادا کیا۔
واضح رہے کہ علی ظفر حال ہی میں ساتھی گلوکارہ میشا شفیع کے خلاف 8 سالہ قانونی جنگ جیت چکے ہیں ان تنازعات کے باعث ابتدائی طور پر ان کے کیریئر کو نقصان پہنچا تاہم وہ اپنی پیشہ ورانہ کامیابی کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہے۔




