1

برطانوی وزیر اعظم نے فلسطین حامی مظاہروں پر پابندی کا عندیہ دے دیا

برطانیہ کے وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے کہا ہے کہ بعض فلسطین حامی مظاہروں پر پابندی عائد کی جاسکتی ہے جب کہ ایک انٹرویو میں انہوں نے متنازع نعروں پر سخت کارروائی کا بھی عندیہ دیا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کیئر اسٹارمر کا کہنا تھا کہ وہ آزادی اظہار اور پرامن احتجاج کے حامی ہیں تاہم مظاہروں میں استعمال ہونے والے بعض نعرے مکمل طور پر ناقابل قبول ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ’’گلوبلائز دی انتفاضہ‘‘ جیسے نعرے برداشت نہیں کیے جائیں گے اور ایسے الفاظ استعمال کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہونی چاہیے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے پولیس کے ساتھ کافی عرصے سے مشاورت جاری ہے تاکہ مزید سخت اقدامات کیے جاسکیں جب کہ بعض حالات میں مکمل طور پر مظاہروں پر پابندی بھی مناسب ہوسکتی ہے۔

اس سے قبل بھی کیئر اسٹارمر اس نعرے کو ’’انتہاپسندانہ نسل پرستی‘‘ قرار دے کر کہہ چکے ہیں کہ اس کا استعمال کرنے والوں کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہیے۔

دوسری جانب میٹروپولیٹن پولیس کے کمشنر مارک رولی نے کہا ہے کہ یہ نعرہ لگانے والے افراد کی گرفتاری کا امکان ہوتا ہے۔

حکومتی مؤقف کے برعکس مظاہرین کا کہنا ہے کہ یہ نعرہ فلسطین کی حمایت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی علامت ہے اور وہ اپنے جمہوری حق کا استعمال کررہے ہیں۔

خیال رہے کہ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حالیہ دنوں میں برطانیہ میں یہود مخالف واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔

گذشتہ دنوں شمالی لندن کے علاقے گولڈرز گرین میں دو افراد پر چاقو سے حملہ کیا گیا جب کہ واقعے کے بعد پولیس نے ایک 45 سالہ برطانوی شہری کو گرفتار کرکے عدالت میں پیش کیا جس پر اقدام قتل کا الزام عائد کیا گیا ہے۔

وزیراعظم کیئر اسٹارمر نے جائے وقوعہ اور یہودی رضاکار ایمبولینس سروس کا دورہ بھی کیا، جہاں کچھ مقامی افراد نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور سیکیورٹی اقدامات کو ناکافی قرار دیا۔

ناقدین کا کہنا ہے کہ غزہ میں جاری جنگ کے تناظر میں فلسطین حامی سرگرمیوں کے خلاف حکومتی کریک ڈاؤن پر پہلے ہی سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ لندن میں ایک احتجاجی اجتماع کے دوران 500 سے زائد افراد کو گرفتار کیا گیا تھا، جہاں ایک مظاہرین نے میڈیا سے گفتگو میں کہا تھا کہ برطانیہ میں آزادی اظہار خطرے میں پڑرہی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں