1

اس آسان طریقے سے تربوز کا رنگ اور مٹھاس مصنوعی ہے یا قدرتی جانیے

اس آسان طریقے سے تربوز کا رنگ اور مٹھاس مصنوعی ہے یا قدرتی جانیے

ٹھنڈا اور میٹھا تربوز موسم گرما میں نی صرف ٹھنڈک اور راحت دلاتا ہے بلکہ پانی کی کمی سے بھی بچاتا ہے

گرمیاں اپنے ساتھ کئی مزیدار پھلوں کی سوغاتیں  لے کر آتی ہے انہیں میں  تربوز بھی شامل ہے ٹھنڈا اور میٹھا تربوز موسم گرما میں نہ صرف ٹھنڈک اور راحت دلاتا ہے بلکہ پانی کی کمی سے بھی بچاتا ہے۔

تاہم سرخ اور میٹھا تربوز خریدنا کسی چیلنج سے کم نہیں بہت سے ٹھیلے والے اس صحت بخش پھل کا رنگ اور ذائقہ بہتر بنانے کے لیے مصنوعی رنگ اور مٹھاس کا استعمال کرتے ہیں جو صحت کے لیے انتہائی مضر ہیں۔

ماہرین کا اس ضمن میں کہنا ہے کچھ پھلوں کو مصنوعی طور پر پکانے کے لیے کیمیکلز جیسے ایتھیفون  استعمال کیے جاتے ہیں یا ان کے سرخ رنگ کو بڑھانے کے لیے اریتھروسین جیسے رنگ شامل کیے جاتے ہیں جس سے  صحت کے کئی مسائل جنم لیتے ہیں جیسے ہاضمے کی خرابی یا وقت کے ساتھ زیادہ سنگین مسائل، تو پھر کیسے پہچانیں کہ تربوز محفوظ ہے؟ ماہرین کے مطابق چند عام گھریلو طریقوں سے آپ قدرتی اور مصنوعی سرخ اور میٹھے تربوز کو آسانی سے پہچان سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: فروزن تربوز کھائیں، گرمی کو کہیں بائے

پانی کا ٹیسٹ

تربوز کا ایک چھوٹا ٹکڑا کاٹ کر پانی کے گلاس میں ڈالیں اگر پانی فوراً سرخ یا گلابی ہو جائے تو جان لیں اس میں مصنوعی رنگ کا استعمال کیا گیا ہے قدرتی سرخ تربوز سے پانی کا رنگ نہیں بدلتا۔

روئی (کاٹن) ٹیسٹ

تربوز کاٹنے کے بعد اس کے سرخ حصے پر ہلکے سے روئی رگڑیں اگر روئی پر رنگ واضح طور پر لگ جائے تو ممکن ہے کہ تربوز کو رنگا گیا ہو قدرتی تربوز عام طور پر ایسا نشان نہیں چھوڑتا۔

تربوز میں دراڑیں

تربوز کے اندرونی حصے کو غور سے دیکھیں اگر اس میں بڑی دراڑیں ہوں یا سفید پاؤڈر جیسا کچھ نظر آئے تو یہ کیمیکل استعمال ہونے کی علامت ہو سکتی ہے۔

انجیکشن کے نشانات دیکھیں

تربوز کے چھلکے کو اچھی طرح دیکھیں۔اگر اس پر باریک سوراخ یا نشانات ہوں تو ممکن ہے کہ اس میں کیمیکل داخل کیے گئے ہوں تاکہ رنگ یا مٹھاس بڑھائی جا سکے ایسے تربوز سے پرہیز کرنا بہتر ہے۔

یہ آسان ٹیسٹ آپ کو بہتر اور محفوظ تربوز کا انتخاب کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں