کل سے بارش کی پیشگوئی، گرمی کی شدت میں کمی متوقع
مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 12 مئی کی رات تک برقرار رہنے کی توقع ہے، محکمہ موسمیات
اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے کل سے 12 مئی تک ملک کے بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے آندھی، تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کردی جب کہ جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بعض علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک سلسلہ ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہوگا جو 12 مئی کی رات تک برقرار رہنے کی توقع ہے جس کے باعث مختلف علاقوں میں بارشیں متوقع ہیں۔
خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، شانگلہ، بونیر، کوہستان اور مانسہرہ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جب کہ بٹگرام، مالاکنڈ، بنوں، لکی مروت، ڈی آئی خان، ایبٹ آباد، باجوڑ، مہمند اور کرم میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان، مری، گلیات، اسلام آباد اور گرد و نواح میں بھی تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
پنجاب کے مختلف اضلاع سرگودھا، میانوالی، خوشاب، بھکر، جھنگ، فیصل آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جب کہ چکوال، اٹک، راولپنڈی، جہلم، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ اور نارووال میں وقفے وقفے سے آندھی اور بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
11 سے 13 مئی کے دوران گلگت بلتستان کے اضلاع دیامر، استور، غذر، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے اور شگر میں بھی بارشوں کا امکان ہے۔
اسی طرح وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، باغ، حویلی، سری نگر، کوٹلی، بھمبر اور میرپور میں بھی وقفے وقفے سے تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا مزید کہنا ہے کہ بالائی علاقوں میں بارشوں اور تیز ہواؤں کے باعث گرمی کی شدت میں کمی آنے کا امکان ہے تاہم جنوبی پنجاب، سندھ اور بلوچستان کے بعض مقامات پر موسم شدید گرم رہ سکتا ہے۔




