1

معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، افواجِ پاکستان کی قوم کو مبارکباد

معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل، افواجِ پاکستان کی قوم کو مبارکباد

معرکۂ حق کی کامیابی کا دن قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے، آئی ایس پی آر

راولپنڈی: معرکۂ حق کی کامیابی کا ایک سال مکمل ہونے پر پاک فوج، پاک بحریہ اور پاک فضائیہ کی جانب سے قوم، افسران اور جوانوں کو مبارکباد پیش کی گئی ہے جب کہ آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ یہ دن قومی عزم، عسکری مہارت اور حکمت عملی کی پختگی کا مظہر بن چکا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے قوم اور افواج کے افسران و جوانوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ معرکۂ حق نے قومی اعتماد کو مزید مضبوط کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ چیف آف نیول اسٹاف ایڈمرل نوید اشرف اور چیف آف ایئر اسٹاف ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے بھی قوم، افسران اور جوانوں کو اس اہم موقع پر مبارکباد دی۔

آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ معرکۂ حق کی کامیابی کا دن قومی یکجہتی، احترام اور تشکر کے جذبے کے ساتھ منایا جارہا ہے جب کہ یہ کامیابی قوم کی تاریخ میں ایک اہم سنگ میل کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔

بیان میں کہا گیا کہ پاکستان کے مؤثر ردعمل نے دشمن کے فالس فلیگ اور جھوٹے بیانیے کو عالمی سطح پر بے نقاب کیا جب کہ دشمن کو سازشوں اور گمراہ کن پروپیگنڈے پر رسوائی کا سامنا کرنا پڑا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پراکسی دہشت گردی، روایتی اور ہائبرڈ چیلنجز کے باوجود افواجِ پاکستان نے اعلیٰ آپریشنل صلاحیت کا مظاہرہ کیا اور معرکۂ حق کے بعد پاکستان نے مکمل اسپیکٹرم ڈیٹرنس کو مزید مضبوط بنایا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ معرکۂ حق نے مسلح افواج پر عوامی اعتماد کو فیصلہ کن طور پر مستحکم کیا جب کہ افواجِ پاکستان ہمیشہ عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہیں اور قوم سے اپنے لازوال رشتے کو جذبۂ خدمت کے ساتھ نبھارہی ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق پاکستان خطے میں امن، استحکام اور خودمختاری کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے جب کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن صرف باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔

بیان کے اختتام میں کہا گیا کہ مسلح افواج ہر قسم کے اندرونی اور بیرونی چیلنجز کا مقابلہ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں