1

سلہٹ ٹیسٹ، پاکستان مزید دباؤ کا شکار، بنگلادیش کی مجموعی برتری 156 رنز ہو گئی

سلہٹ ٹیسٹ، پاکستان مزید دباؤ کا شکار، بنگلادیش کی مجموعی برتری 156 رنز ہو گئی

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے

سلہٹ میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ کے دوسرے روز بھی بنگلادیش نے کھیل پر اپنی گرفت برقرار رکھی اور پاکستان کے خلاف مجموعی طور پر 156 رنز کی برتری حاصل کرلی۔

دن کے اختتام تک میزبان ٹیم نے دوسری اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 110 رنز اسکور کیے۔ محمود حسن جوئے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ مومن الحق 30 رنز کی اننگز کھیل سکے۔ تنزید حسن صرف 4 رنز بنا پائے، جبکہ کپتان نجم الحسن شانتو 13 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔

پاکستان کی جانب سے خرم شہزاد نے ایک بار پھر مؤثر بولنگ کرتے ہوئے 2 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جبکہ محمد عباس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل پاکستانی بیٹنگ لائن پہلی اننگز میں زیادہ مزاحمت نہ دکھا سکی اور پوری ٹیم 232 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ پاکستان نے دن کا آغاز بغیر کسی نقصان کے 21 رنز سے کیا تھا لیکن اوپنرز جلد ہی واپس لوٹ گئے۔ اذان اویس 13 اور عبداللہ فضل 9 رنز بنا سکے۔

کپتان شان مسعود 21 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، جبکہ بابر اعظم نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 68 رنز کی نمایاں اننگز کھیلی۔ دیگر بیٹرز میں سلمان آغا 21، محمد رضوان 13 اور سعود شکیل 8 رنز بنا سکے۔

نچلے نمبروں پر ساجد خان نے 38 رنز بنا کر کچھ مزاحمت دکھائی جبکہ حسن علی نے 18 رنز کا اضافہ کیا۔ محمد عباس کھاتہ کھولے بغیر آؤٹ ہوئے۔

بنگلادیشی بولرز نے شاندار نظم و ضبط کا مظاہرہ کیا۔ ناہید رانا اور تیج الاسلام نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ تسکین احمد اور مہدی حسن میراز نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

یاد رہے کہ پہلے روز بنگلادیش کی پوری ٹیم 278 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی، جس میں لٹن داس کی 126 رنز کی عمدہ اننگز نمایاں رہی۔ پاکستان کی طرف سے خرم شہزاد نے 4 جبکہ محمد عباس نے 3 وکٹیں حاصل کی تھیں۔

دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں بنگلادیش کو پہلے ہی 0-1 کی برتری حاصل ہے ایسے میں سلہٹ ٹیسٹ پاکستان کے لیے سیریز بچانے کی آخری امید بن چکا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں