1

کراچی والوں کیلیے بڑی خوشخبری، شاہراہ بھٹو کا افتتاح کب ہو گا؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

کراچی والوں کیلیے بڑی خوشخبری، شاہراہ بھٹو کا افتتاح کب ہو گا؟ شرجیل میمن نے بتا دیا

اس منصوبے سے کراچی میں گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں طے ہوگا، صوبائی وزیر

وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ شاہراہ بھٹو منصوبہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت مکمل کیا گیا ہے جبکہ 23 مئی کو بلاول بھٹو زرداری اس اہم منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ شاہراہ بھٹو 39 کلومیٹر طویل ایکسپریس وے ہے اور 23 مئی کو اسے کاٹھور تک مکمل طور پر ٹریفک کیلئے کھول دیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اسی روز تاج حیدر برج کی گراؤنڈ بریکنگ بھی کی جائے گی۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس منصوبے سے کراچی میں گھنٹوں کا سفر اب منٹوں میں طے ہوگا اور شہر کی ٹریفک صورتحال میں نمایاں بہتری آئے گی۔ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں پاکستان پیپلز پارٹی سندھ بھر میں ریکارڈ ترقیاتی کام کر رہی ہے، جبکہ مخالفین صرف پروپیگنڈے میں مصروف ہیں۔

وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا آغاز سندھ حکومت نے کیا، جس کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔ آئینی ترمیم سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ وفاق نے ابھی تک سندھ حکومت سے کوئی رابطہ نہیں کیا، تاہم اگر رابطہ کیا گیا تو معاملہ پارٹی کی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی میں لے جایا جائے گا۔

شرجیل میمن نے متحدہ قومی موومنٹ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ایم کیو ایم کی سیاست دفن ہو چکی ہے، ان کے مینڈیٹ کا سب کو معلوم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ نفرت اور لسانیت کی سیاست کی، جبکہ کراچی میں نفرت کی کوئی گنجائش نہیں۔

دوسری جانب سندھ کے سینئر وزیر ناصر حسین شاہ نے کہا کہ کراچی کی تمام شاہراہوں کو بہتر بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ 23 مئی کو شاہراہ بھٹو فیز ون کا افتتاح ہوگا، جبکہ فیز ٹو میں قیوم آباد سے پورٹ تک منصوبے کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔

ناصر حسین شاہ کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں دن رات ترقیاتی کام جاری ہیں اور کئی بڑے منصوبے جلد مکمل ہونے والے ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں