عالمی عدالت برائے جرائم نے مزید 5 اسرائیلیوں کے وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے
اس سے قبل نومبر 2024 میں نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف بھی وارنٹ گرفتاری جاری ہو چکے ہیں
ہیک میں قائمعالمی عدالت برائے جرائم نے مبینہ طور پر 5 مزید اسرائیلی عہدیداروں کے خفیہ وارنٹ گرفتاری جاری کر دیے ہیں، جن میں 3 سیاستدان اور 2 فوجی افسران شامل ہیں۔
اسرائیلی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ان وارنٹس کے بعد عالمی سطح پر اسرائیل پر قانونی دباؤ میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق اس سے قبل نومبر 2024 میں نیتن یاہو اور سابق اسرائیلی وزیر دفاع یوو گیلنٹ کے خلاف بھی غزہ میں مبینہ جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم پر وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے تھے۔
اگر نئی اطلاعات کی تصدیق ہو جاتی ہے تو آئی سی سی کی جانب سے مطلوب اسرائیلی عہدیداروں کی تعداد 7 ہو جائے گی۔ تاہم تاحال عدالت کی جانب سے اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔
دوسری جانب غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ رپورٹس کے مطابق اکتوبر 2023 سے جاری جنگ میں 72 ہزار سے زائد فلسطینی شہید جبکہ ایک لاکھ 72 ہزار سے زیادہ زخمی ہو چکے ہیں، جن میں اکثریت خواتین اور بچوں کی ہے۔
غزہ کی وزارت صحت کے مطابق 10 اکتوبر 2025 کو جنگ بندی نافذ ہونے کے باوجود اسرائیلی حملے جاری ہیں، جن میں اب تک مزید 870 فلسطینی شہید اور 2 ہزار 540 سے زائد زخمی ہو چکے ہیں۔




