سم کی تصدیق کروالی؟ اگر نہیں تو واٹس ایپ بند ہوجائے گا
موبائل نمبر اب صارف کی ڈیجیٹل شناخت کا اہم حصہ بن چکے ہیں، پی ٹی اے
پی ٹی اے نے غیر تصدیق شدہ سموں پر واٹس ایپ کی رسائی بلاک کرنے کا اعلان کردیا۔
پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کی جانب سے ملک بھر کے واٹس ایپ صارفین کے لیے اہم ہدایت جاری کی گئی ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے کہ غیر فعال، بند یا غیر رجسٹرڈ سم نمبروں سے منسلک اکاؤنٹس متاثر ہوسکتے ہیں۔
حکام کے مطابق موبائل نمبر اب صارف کی ڈیجیٹل شناخت کا اہم حصہ بن چکے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ یہ نمبر فعال اور مکمل طور پر تصدیق شدہ ہوں تاکہ کسی بھی سروس میں رکاوٹ سے بچا جاسکے۔
اتھارٹی نے واضح کیا ہے کہ جن صارفین کے واٹس ایپ اکاؤنٹس ایسے نمبروں سے منسلک ہیں جو بند یا غیر فعال ہوچکے ہیں تو وہ اپنے پیغامات، رابطوں اور دیگر معلومات تک رسائی کھو سکتے ہیں۔
صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر چیک کریں کہ ان کے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک نمبر ان کے نام پر رجسٹرڈ اور فعال ہے یا نہیں۔ اگر نمبر تبدیل یا غیر فعال ہوچکا ہو تو اکاؤنٹ کو نئے فعال نمبر پر منتقل کیا جائے۔
مزید کہا گیا ہے کہ اگر سم کی بائیومیٹرک تصدیق یا دوبارہ رجسٹریشن کی ضرورت ہو تو شہری قریبی موبائل فرنچائز یا سروس سینٹر سے رجوع کریں کیونکہ بائیومیٹرک تصدیق ڈیجیٹل سیکیورٹی کے لئے انتہائی ضروری ہے۔
پی ٹی اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنی ڈیجیٹل شناخت کو محفوظ بنانے کے لیے احتیاط کریں اور وقتاً فوقتاً اپنے نمبر کی تصدیق ضرور کرتے رہیں۔
اتھارٹی نے یہ بھی کہا ہے کہ صارفین اپ ڈیٹس اور معلومات کے لیے سرکاری ذرائع سے رابطے میں رہیں تاکہ کسی بھی مسئلے سے بروقت آگاہی حاصل ہوسکے۔




