ٹیکنالوجی کمپنی ایپل اپنے صارفین کے لیے ایپل کارڈ سے متعلق ایک نئی پروموشنل پیشکش متعارف کرانے کی تیاری کر رہی ہے۔
بلومبرگ کے ٹیک رپورٹر مارک گرمن کے مطابق کمپنی ایپل کارڈ کے لیے ایک نیا سائن اپ آفر لانے والی ہے جو ممکنہ طور پر اگلے ہفتے سے شروع کیا جائے گا۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ یہ آفر ابتدائی طور پر صرف ایپل کے ریٹیل اسٹورز تک محدود ہوگی۔
اس پیشکش کے تحت اگر صارفین اسٹور میں جا کر ایپل کارڈ کے لیے سائن اپ کریں اور ساتھ ایئر پوڈز پرو 3 خریدیں تو انہیں 249 ڈالر تک کا کیش بیک مل سکتا ہے۔
چونکہ ایئر پوڈز پرو 3 کی قیمت بھی تقریباً 249 ڈالر کے قریب ہے اس لیے یہ آفر مؤثر طور پر مفت ایئر پوڈز کے برابر فائدہ دے سکتی ہے۔
واضح رہے کہ ایپل کارڈ کو 2019 میں امریکا میں گولڈمین سیکس اور ماسٹر کارڈ کے اشتراک سے متعارف کرایا گیا تھا، یہ ایک ڈیجیٹل کریڈٹ کارڈ ہے جو آئی فون میں موجود رہتا ہے اور ہر خریداری پر صارفین کو کیش بیک کی سہولت فراہم کرتا ہے۔




