گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری، فلیش فلڈ اور جانی نقصان کا خدشہ
ریسکیو اداروں کو مشینری سمیت ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے
صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے خیبر پختونخوا کے بالائی اضلاع میں گلیشیئر جھیل پھٹنے کے خدشے کے پیش نظر ایمرجنسی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے کے بیشتر اضلاع میں 31 مئی تک درجہ حرارت میں اضافے کے باعث برف اور گلیشیئرز کے پگھلنے کی رفتار تیز ہونے کا امکان ہے جس سے گلاف جیسے خطرناک واقعات جنم لے سکتے ہیں۔
الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ چترال، دیر، سوات اور کوہستان سمیت بالائی اضلاع میں تیز اور بعض مقامات پر شدید بارشوں کا بھی امکان ہے جس سے صورتحال مزید خطرناک ہو سکتی ہے۔
ادارے کے مطابق درجہ حرارت میں اچانک اضافے اور بارشوں کے باعث گلیشیئر جھیلوں کے پھٹنے سے فلیش فلڈ کا خطرہ بڑھ گیا ہے جبکہ ندی نالوں میں طغیانی اور پانی کے تیز بہاؤ سے گاڑیوں اور انسانی جانوں کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔
پی ڈی ایم اے نے ضلعی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ حساس علاقوں میں نگرانی مزید سخت کی جائے بروقت وارننگ سسٹم کو فعال رکھا جائے اور تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال کے لیے تیار رہیں۔
ریسکیو اداروں کو مشینری کی دستیابی یقینی بنانے اور فوری ردعمل کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے کی ہدایت بھی جاری کی گئی ہے۔
عوام کو ہدایت کی گئی ہے کہ خطرناک اور بالائی علاقوں کا غیر ضروری سفر مؤخر کریں ندی نالوں کے قریب جانے سے گریز کریں اور مویشی و قیمتی سامان محفوظ مقامات پر منتقل کریں۔
پی ڈی ایم اے نے مزید کہا ہے کہ ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے کی صورت میں ہیلپ لائن 1700 پر فوری رابطہ کیا جا سکتا ہے۔




