1

ایرانی صدر کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

ایرانی صدر کا شہباز شریف کو ٹیلی فون، خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال

پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیر اعظم

وزیراعظم شہباز شریف کو ایران کے صدر مسعود پزشکیان نے ٹیلی فون کیا، جس میں دونوں رہنماؤں کے درمیان 30 منٹ سے زائد تفصیلی گفتگو ہوئی۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے ایک دوسرے کو عیدالاضحیٰ کی مبارکباد دی اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔ ایرانی صدر نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہتے ہوئے وزیراعظم اور پاکستان کی عسکری قیادت خصوصاً فیلڈ مارشل عاصم منیر کا شکریہ ادا کیا۔

صدر مسعود پزشکیان نے کہا کہ سعودی عرب، قطر، ترکیہ اور دیگر ممالک کی امن کوششیں قابل تحسین ہیں اور موجودہ صورتحال میں تمام فریقین کا کردار اہم ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے گفتگو میں خطے میں جاری بحران کے دوران قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ایرانی قیادت سے یکجہتی کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک برادر اور ہمسایہ ملک کی حیثیت سے ہمیشہ ایران کے ساتھ کھڑا رہے گا۔

وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ جاری کوششوں کے نتیجے میں جلد ایک ایسا امن معاہدہ طے پا جائے گا جو ایرانی قوم کے وقار اور خودمختاری کے مطابق ہوگا۔ ان کے مطابق خطے میں امن قائم ہونے سے ایران کی معاشی صلاحیت کو بھی بھرپور طور پر بروئے کار لایا جا سکے گا۔

دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وہ مستقبل میں بھی قریبی رابطے اور مشاورت جاری رکھیں گے تاکہ خطے میں استحکام اور امن کو فروغ دیا جا سکے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں