آرسنل نے 22 سال بعد انگلش پریمیئر لیگ کا تاج اپنے نام کرلیا
آرسنل مسلسل تین سیزن تک ٹائٹل کے قریب پہنچ کر ناکام رہی تھی۔
آرسنل نے طویل انتظار کے بعد 22 برس بعد انگلش پریمیئر لیگ کا ٹائٹل جیت کر اپنے مداحوں کو خوشی سے جھومنے پر مجبور کردیا۔ یہ کلب کی تاریخ کا 14 واں لیگ ٹائٹل ہے تاہم دو دہائیوں سے زائد عرصے بعد ملنے والی یہ کامیابی ٹیم کے لیے خاص اہمیت رکھتی ہے۔
گزشتہ کئی برسوں کے دوران آرسنل کو مسلسل مشکلات اور ناکامیوں کا سامنا رہا لیکن ٹیم کے کوچ مائیکل آرٹیٹا نے مایوس کن حالات میں بھی کھلاڑیوں کا حوصلہ بلند رکھا۔ انہوں نے 2019 میں ٹیم کی ذمہ داری سنبھالی اور بتدریج آرسنل کو دوبارہ کامیابی کی راہ پر گامزن کیا۔
آرسنل مسلسل تین سیزن تک ٹائٹل کے قریب پہنچ کر ناکام رہی جس کے باعث ناقدین ٹیم پر طنز بھی کرتے رہے تاہم اس بار صورتحال مختلف رہی اور ٹیم نے دباؤ کے باوجود خود کو سنبھالے رکھا۔
ٹائٹل کی دوڑ میں مانچسٹر سٹی آرسنل کی سب سے بڑی حریف ثابت ہوئی۔ دونوں ٹیموں کے درمیان ہونے والے دو مقابلوں میں ایک میچ برابر رہا جب کہ دوسرے میں مانچسٹر سٹی کامیاب رہی جس کے بعد ایسا محسوس ہونے لگا تھا کہ آرسنل کا خواب ایک بار پھر ادھورا رہ جائے گا۔
تاہم مانچسٹر سٹی کے خلاف شکست کے بعد آرسنل نے زبردست واپسی کرتے ہوئے مسلسل چار میچز جیتے اور دوبارہ مضبوط امیدوار بن گئی۔ بعد ازاں مانچسٹر سٹی کا اہم مقابلہ برابر ہونے کے بعد آرسنل نے اپنے آخری میچ سے قبل ہی ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اس کامیابی میں بُکایو ساکا، ڈیکلن رائس، ولیم سلیبا اور ڈیوڈ رایا سمیت کئی کھلاڑیوں نے نمایاں کردار ادا کیا جب کہ لندن کی سڑکوں پر ہزاروں مداحوں نے تاریخی فتح کا جشن منایا۔




