امریکا اور ایران ممکنہ معاہدے کے قریب، ٹرمپ فی الحال دستخط کیلئے تیار نہیں، جے ڈی وینس
صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال مجوزہ معاہدے کی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں ہیں
امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان ابھی حتمی معاہدہ طے نہیں پایا تاہم دونوں ممالک ایک ممکنہ ڈیل کے کافی قریب پہنچ چکے ہیں۔
غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے جے ڈی وینس کا کہنا تھا کہ ایران امریکا کے ساتھ معاہدہ کرنا چاہتا ہے جبکہ جنگ بندی میں توسیع سے متعلق جاری مذاکرات میں بھی نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ چند اہم نکات پر بات چیت اب بھی جاری ہے جبکہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال مجوزہ معاہدے کی منظوری دینے کے لیے تیار نہیں ہیں مزید پیش رفت اور شرائط پر اتفاق کے بعد ہی صدر ٹرمپ معاہدے کی توثیق کی پوزیشن میں ہوں گے۔
امریکی نائب صدر نے کہا کہ امریکا اس پوزیشن میں ہے کہ ایران کے جوہری پروگرام کو مزید محدود اور پیچھے دھکیل سکے تاہم اس مقصد کے حصول کے لیے تفصیلی مذاکرات اور واضح شرائط ناگزیر ہیں۔
جے ڈی وینس نے مزید کہا کہ اس وقت یہ کہنا قبل از وقت ہوگا کہ صدر ٹرمپ ایران کے ساتھ مجوزہ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر کب دستخط کریں گے۔




